فرانس، سوئٹزر لینڈ اور اٹلی میں طوفانی بارش‘ 7 افراد ہلاک

67

برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک) فرانس، سوئٹزر لینڈ اور اٹلی میں شدید طوفان اور بارش سے مختلف حادثات میں مجموعی طور پر 7 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فرانس میں تیز ہواؤں کے باعث کار پر درخت گرنے سے 3 افراد ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوا۔سوئٹزر لینڈ میں شدید بارش کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے مختلف واقعات رونما ہوئے، جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک جبکہ 2 لاپتا ہو گئے۔ تینوں یورپی ممالک میں شدید طوفان اور بارش سے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے باعث سیکڑوں افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی۔ شدید بارشوں اور خراب موسم کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے،جب کہ بجلی کا نظام بھی متاثر ہوگیا ہے۔ دوسری جانب بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں مون سون کی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ موسلا دھار بارش سے ہریدوار میں دریائے گنگا میں زبردست طغیانی آئی، جس میں کئی کاریں بہ گئیں، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی کئی وڈیوز میں گاڑیاں دریا میں تیرتی دکھائی دے رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے شمال مغربی بھارت میں مزید شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔