مون سون کا موسم شروع ،برساتی نالوں کی صفائی نہ ہوسکی

65

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں جولائی کے مہینے میں مون سون کا موسم شروع ہوگیا ہے محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش کی پیشنگوئی کے باوجود کراچی کے برساتی نالوں کی تاحال صفائی نہیں کی جاسکی ہے،جبکہ کراچی کی متعدد سڑکوں پر3درجن سے زایدکھلے ہوئے مین ہولز انسانی زندگیوں کے لیے موت کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتے ہیں،وزیر بلدیات ،میئر کراچی اور کمشنر کراچی اور دیگر بلدیاتی اداروں کی نا اہلی عوام کے لیے وبال جان بنی ہوئی ہے ۔گلشن اقبال،گلستان جوہر، حیدری، نارتھ کراچی ،پاپوش نگر ،کورنگی 33-C گجر نالہ ، سرجانی ٹائون اوراورنگی ٹائون کے علاوہ کراچی شہر کے دیگر اضلاع میں برساتی نالوں کی اب تک صفائی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے مون سون کی بارشوں سے عوام کا بے حد نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔دیکھنے میں آیا ہے کہ ہر سال مون سون کی بارشوں کے دوران اکثر علاقوں میں با رش کا پانی گھروں میں داخل ہوجاتا ہے جبکہ سڑکوں پر جمع پانی کی وجہ سے مختلف حادثات رونما ہوتے ہیں۔ ہر سال وزیر بلدیات اور میئر کراچی کی جانب سے نالوں کی صفائی کا اعلان کیا جاتا ہے جس کیلیے کروڑوں روپے کا بجٹ بھی منظور کیا جاتا ہے مگر کرپٹ اور نا اہل افسران اور عملہ اس کو مکمل طور پر استعمال کرنے کے بجائے خوردبرد کر لیتا ہے جس کی وجہ سے نالوں کی صفائی کا کام ادھورا رہتا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں کھلے ہوئے مین ہولز بھی عوام کی زندگیوں کے لیے شدید خطرات بنے ہوئے ہیں۔ کراچی کے شہری اور سندھ حکومت کے نااہل ‘ کرپٹ افسران اور عملے کی وجہ سے سخت مشکلات کا شکار ہیں ،اس حوالے سے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صفر کار کردگی دکھانے والے ادارے قومی خزانے پر بوجھ بنے ہوئے ہیں ان کے عملے اور افسران کو قومی خزانے سے تنخواہیں،پیٹرول اور دیگرمراعات باقاعدگی سے اداکی جاتی ہیں مگروہ ادارے عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہیں ۔شہریوں نے مزید کہا کہ جب تک ایسے کرپٹ اور نا اہل افسران اور عملے کو اداروں سے فارغ نہیں کیا جائے گا یہ مافیا قومی خزانے اور عوام پر بوجھ بنے رہیں گے ۔