اسلام آباد (اے پی پی+مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے 59 سال سے بھارتی جیلوں میں قید 38 اپنے شہری مانگ لیے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے بھارت کو دی گئی قیدیوں کی فہرست میں ان اہلکاروں کا مطالبہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت نے پیر کو اسلام آباد اور نئی دہلی میں سفارتی چینل کے ذریعے ایک دوسرے کی تحویل میں قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا۔ دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق2008 کے قونصلر رسائی کے معاہدے کے تحت ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو ان فہرستوں کا ایک ساتھ تبادلہ کیا جاتا ہے۔ پاکستان نے پاکستانی جیلوں میں قید254 بھارتی شہری قیدیوں اور ماہی گیروں کی فہرست حوالے کی۔ بھارت نے بھارتی جیلوں میں قید 452 پاکستانی یا مانے جانے والے پاکستانی شہری قیدیوں اور ماہی گیروں کی فہرست شیئر کی۔ بیان کے مطابق پاکستان کی جانب سے لاپتا 38 پاکستانی دفاعی اہلکاروں کی فہرست بھی دی گئی، جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ 1965 اور1971 کی جنگوں کے بعد سے بھارت کی تحویل میں ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیاہے کہ حکومت پاکستان نے بھارت میں اپنی سزا پوری کرنے والے تمام پاکستانی قیدیوں کی فوری رہائی اور وطن واپسی کا مطالبہ کیا ہے جبکہ جسمانی اور ذہنی طور پر معذور قیدیوں سمیت مختلف پاکستانی قیدیوں تک خصوصی قونصلر رسائی کی درخواست کی گئی ہے اور ان کی قومی حیثیت کی فوری تصدیق کے لیے درخواست کی گئی ہے۔