پیٹرولیم ڈیلرز کی ایڈوانس ٹیکس واپس نہ لینے پر ملک بند کرنے کی دھمکی

166

کراچی: پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ اگر ایڈوانس ٹیکس واپس نہ لیا گیا تو 5 جولائی کو ملک بھر میں ہڑتال کی جائے گی۔

ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ فنانس بل میں 0.5 فیصد ایڈوانس ٹرن اوور ٹیکس کی شمولیت سے پیٹرول پمپس کا کاروبار متاثر ہورہا ہے، اور اس ٹیکس کی موجودگی میں کاروبار چلانا ناممکن ہو چکا ہے۔ انہوں نے حکومت سے فوری طور پر اس ٹیکس کو ختم کرنے کی اپیل کی ، بصورت دیگر ہڑتال کی دھمکی دی۔

عبدالسمیع خان نے مزید کہا کہ حکومت ہر چیز پر ٹیکس عائد کر رہی ہے، جس سے پیٹرولیم ڈیلرز کی فروخت میں کمی آ گئی ہے اور اسمگلنگ کو فروغ مل رہا ہے۔ اسمگلنگ کے خلاف آواز اٹھانے پر دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پیٹرولیم ڈیلرز پہلے ہی کم منافع پر کاروبار کر رہے ہیں اور لیوی سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم ڈیلرز کا وفد آج اسلام آباد روانہ ہو رہا ہے جہاں وہ وزرائے خزانہ و توانائی اور چیئرمین ایف بی آر سے ملاقات کی کوشش کریں گے۔ اگر مسائل حل نہ ہوئے تو 5 جولائی کو پورا ملک بند کر دیا جائے گا۔

عبدالسمیع خان نے مزید کہا کہ ایڈوانس ٹیکس کے نفاذ سے تجارتی شعبے پر بھی بوجھ بڑھے گا اور یہ اضافی بوجھ کاروبار کو متاثر کرے گا۔