اسلام آباد:پاکستان اور بھارت کے مابین ایک دوسرے کے قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے مابین ایک دوسرے کے قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں متعلقہ ہائی کمشنر کے ذریعے کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو دونوں ملکوں کے درمیان ایک دوسرے کے قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا جاتا ہے۔ اسی سلسلے میں آج یکم جولائی کو پاکستان میں جیلوں میں قید 2 سو 54 بھارتی شہریوں اور ماہی گیروں کی فہرست بھارت کے حوالے کی گئی ہے۔ اسی طرح بھارت نے بھی اپنی جیلوں میں قید 4 سو 52 پاکستانی یا مبینہ پاکستانی شہریوں اور ماہی گیروں کی فہرست فراہم کی ہے۔
ترجمان کے مطابق اس کے علاوہ پاکستان کی جانب سے لاپتا 38 پاکستانی دفاعی اہل کاروں کی فہرست بھی بھارتی حکام کے حوالے کی گئی، جن سے متعلق خیال کیا جاتا ہے کہ یہ 1965 اور 1971 کی جنگوں کے بعد سے بھارت کی تحویل میں ہیں۔
ممتاز زہرا بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے بھارت میں سزا مکمل کرنے والے تمام پاکستانی قیدیوں کو فوری رہا کرنے اور پاکستان بھیجنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ذہنی و جسمانی معذور قیدیوں تک قونصلر کی رسائی کی بھی درخواست کی گئی ہے۔ ساتھ ہی بھارت سے ان کی قومی حیثیت کی فوری تصدیق کے لیے بھی درخواست کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی جیلوں میں قید تمام پاکستانیوں کی جلد واپسی یقینی بنانے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔ رواں سال اب تک 4 پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی مکمل ہوچکی ہے۔