کراچی میں گزشتہ شب گرم ترین رات ریکارڈ

188

کراچی: گزشتہ شب کراچی میں جولائی 2021 کے بعد گرم ترین رات ریکارڈ کی گئی، درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق، جولائی 2021 اور 2022 میں درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات کا درجہ حرارت معمول سے 4.1 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔

آج سے سمندری ہوائیں چلنے کے بعد گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جس میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔ جولائی کے مہینے کے لیے پی ڈی ایم اے  نے پیش گوئی کی ہے کہ عام درجہ حرارت 27.9 ڈگری سینٹی گریڈ کے آس پاس رہے گا۔

موسمیات کے تجزیہ کار جواد میمن کے مطابق، سمندری ہوائیں بحال ہونے سے شہر میں بادل چھائے رہیں گے اور آنے والے دنوں میں مختلف علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں بوندا باندی کا امکان ہے۔ حالیہ دنوں میں سندھ کے دارالحکومت کو شدید گرمی نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، ہفتے کے روز ہونے والی چند منٹ کی بارش نے شہریوں کو عارضی راحت فراہم کی تھی ۔

ماہرین صحت نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کھانے سمیت دیگر معاملات میں گھروں سے غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں تاکہ ممکنہ ہیٹ ویو سے محفوظ رہ سکیں ۔

دوسری جانب چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ مون سون کی بارشیں 8 جولائی کے بعد شروع ہونے کا امکان ہے۔