کراچی: بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف شہریوں کا نشتر روڈ پر احتجاج

131

  کراچی: شہر قائد میں شدید گرمی میں غیر اعلانیہ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ جاری ہے، جس وجہ سے شہریوں نے تنگ آکر رات گئے نشتر روڈ پر شدید احتجاج کیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ جاری ہے، رام سوامی نشتر روڈ اور ملحقہ علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنک کیخلاف مکینوں نے نشتر روڈ پر شدید احتجاج کیا، مظاہرین نے احتجاج کے دوران ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی۔

شہر میں اولڈ سٹی ایریا، گارڈن ویسٹ، اللہ والا ٹاؤن، کورنگی، نشتر روڈ، جہانگیر روڈ، لیاقت آباد، ملیر اور دیگر علاقوں میں رات 2 بجے سے بجلی کی بندش کا سلسلہ معمول بن گیا ہے جب کہ دن میں 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

سڑک کی بندش کی وجہ سے ٹریفک جام ہو گئی جس کے باعث گزرنے والوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کے دوران سڑک کی بندش پر پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ، لاٹھی چارج کیا، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کر کے سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا۔