انسٹاگرام ریل بنی 18 سال سے بچھڑے بہن بھائیوں کو ملانے کا ذریعہ

183

انسٹاگرام ریل 18 سال سے بچھڑے بہن بھائیوں کو ملانے کا ذریعہ بن گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کانپور کی ایک خاتون نے انسٹاگرام ریل کے سبب 18 سال بعد اپنے کھوئے ہوئے بھائی کو تلاش کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کانپور کی رہائشی خاتون راج کماری کا بھائی گووند 18 سال قبل اپنے گاؤں سے نوکری کی تلاش میں گیا تھا اور پھر واپس نہیں لوٹا تھا۔

کان پور کے ہاتھی پور گاؤں کی رہائشی راج کماری انسٹاگرام پر ریلز دیکھ رہی تھی کہ اسے اپنے بھائی گووند جیسے ملتے جلتے شخص کی ویڈیو نظر آئی، خاتون کی نظر صارف کے ٹوٹے ہوئے دانت پر گئی، اس ٹوٹے ہوئے دانت کو دیکھ کر اسے اپنے بھائی گووند کی جھلک یاد آگئی۔

ٹوٹے ہوئی دانت سے بھائی کو پہچاننے کے بعد خاتون نے انسٹاگرام کے ذریعے ہی گووند سے رابطہ کیا اور بچپن کی نشانیوں اور دیگر معلومات بھی آپس میں شئیر کیں، جس کے بعد راجکماری کو یقین آگیا کہ یہ ان کا بھائی گووند ہے۔

رپورٹ کے مطابق 20 جون کو گووند راجکماری کی کہنے پر کانپور اپنے آبائی گاؤں چلے آئے۔

راجکماری کا کہنا تھا کہ لوگ کہتے ہیں کہ سوشل میڈیا پر اچھی چیزیں نہیں آتی ہیں، مگر کچھ مرتبہ ایک عام سی ویڈیو آپ کی یادداشت کو تازہ کر دیتی ہے اور سب کچھ بدل کر رکھ دیتی ہے۔ میرا بھائی واپس آ چکا ہے، اور یہ میرے لیے سب سے بڑی خوشی کی بات ہے۔