فرانس:2 ہزار سال پہلے دفن کیے گئے 28 گھوڑے دریافت

189

پیرس: فرانس میں 2 ہزار سال پہلے دفن کیے گئے 28 گھوڑے دریافت کرلیے گئے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق فرانس میں آثار قدیمہ کے ماہرین نے ایسی 9 قبریں دریافت کی ہیں، جس میں سے 28 گھوڑوں کے ڈھانچے برآمد کیے گئے ہیں۔ ابتدائی طور پر ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ گھوڑے کم و بیش 2 ہزار سال پہلے یہاں دفن کیے گئے تھے۔

فرانس کے وسطی علاقے Villedieu-sur-Indre سے دریافت ہونے والی قبروں سے برآمد ہونے والے گھوڑوں کی ہڈیو کو سائنس دانوں نے ریڈیو کاربن کے عمل سے گزارنے کے بعد نتائج سے اخذ کیا ہے کہ قوی امکان ہے کہ ان گھوڑوں کو 100 قبلِ مسیح سے 100 عیسوی کے درمیان میں دفنایا گیا  تھا۔

ماہرین نے بتایا کہ ان تمام گھوڑوں کو ان کی موت کے فوراً بعد ہی ایک ہی وقت میں دفن کیا گیا تھا۔ ان گھوڑوں کی قبروں کے درمیان ایک اور قبر دریافت ہوئی ہے لیکن اس میں 2 درمیانے سائز کے کتے ہیں۔تاحال ماہرین نے دیگر قبروں کی مکمل کھدائی نہیں کی ہے تاہم وہ پہلے ہی سطح پر دکھائی دینے والی کھوپڑیوں اور ہڈیوں سے کل 28 گھوڑوں کی شناخت کر چکے ہیں۔