پاکستان انڈونیشیا کیلیے تجارتی مرکز بن سکتا ہے، رحمت ہندارتا کسوما

127

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان میں جمہوریہ انڈونیشیا کے سفارتخانے کے ناظم الامور رحمت ہندارتا کسوما نے کہا ہے کہ بلوچستان کا انڈونیشیا اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات میں اہم کردار ہے۔ ان خیالات کا اظہار چارج ڈی افیئرز رحمت ہندارتا کسوما نے سابق صدر فیڈریشن پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی قیادت میں بلوچستان سے آئے ہوئے تاجر برادری کے وفد سے گفتگو میں کیا۔ انڈونیشیا کے سفارتخانے کے دیگر اعلیٰ حکام بھی گفتگو میں شریک تھے۔ چارج ڈی افیئرز نے کہا کہ وسط ایشیائی ریاستوں کے ساتھ ساتھ انڈونیشیا اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم اپنی صلاحیت سے کم ہے جسے مزید بڑھانے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں بلوچستان کے تاجر اقتصادی اور تجارت میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ سینئر سفارت کار نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں انڈونیشیا کیلیے وسطی ایشیائی ریاستوں کا تجارتی مرکز بن سکتا ہے جس میں جامع منصوبہ بندی پر عمل کرکے دونوں ممالک اقتصادی اور تجارتی فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔