بھارت نے تیسری مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتا

212

بھارت نے برج ٹائون میں کھیلے گئے فائنل میں جنوبی افریقا کو 7رنزسے شکست دیکر دوسری مرتبہ ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ جیتا۔ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے بھارت نے مقررہ 20 اوور میں سات وکٹ پر 176رنز بنائے تھے۔ ورات کوہلی نے87 منٹ میں59 بالوں پر چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے۔ بھارت کا یہ اسکور ٹی ٹوئنٹی فائنل میں سب سے زیادہ اسکور تھا۔ اس سے پہلے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں سب سے بڑا اسکور بنانے کا اعزاز آسڑیلیا کے پاس تھا جس نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوبئی میں14 نومبر2021 کو ہوئے فائنل میں 18.5 اوور میں دو وکٹ پر173 رنز بنائے تھے۔

جنوبی افریقا نے مقررہ 20 اوور میں آٹھ وکٹ 169 رنز بنائے جسکی وجہ سے اسے سات رنز سے شکست ہوئی۔ جنوبی افریقا کی جانب سے ہنریچ کلاسن نے 33 منٹ میں27 بالوں پر دو چوکوں اور پانچ چھکوں کی مد د سے52 رنز بنائے۔ جنوبی افریقا کو 24 بالوں پر 26 رنز کی ضرورت تھی اور اسکے پانچ کھلاڑی آئوٹ ہونے باقی تھے۔ہنریچ کلاسن جنہوں نے اکشر پٹیل کے ایک اوور میں دو وائیڈ بال سمت24 رنز بناکر میچ کا رخ پلٹا تھا، ہاردک پانڈیہ کی تقریبا وائیڈ بال کو کھیلنے کی کوشش میں وکٹ کیپر ریشبھ پنت کو کیچ دے بیٹھے جس کے بعد بھارت نے میچ پر قابو پالیا۔ ورات کوہلی کو مین آف دی میچ ایوارڈ ملا۔ وہ پورے ٹورنامنٹ میں اتنے رنز بنانے میں کامیاب نہیں ہوئے تھے جتنے انہوں نے فائنل میچ میں بنائے۔

ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں ابھی تک کھیلے گئے نو فائنل میچوں میں آٹھ مرتبہ وہ ٹیم فاتح رہی ہے جس نے ٹاس جیتا تھا۔ ٹاس جیتنے کے بعد فائنل میں شکست کھانے والی واحد ٹیم سری لنکا کی ہے جس کو پاکستان کے خلاف لارڈز میں 2009 میں ٹاس جیتنے کے بعد شکست ہوئی تھی۔ اس فائنل میں پاکستان نے8 وکٹ سے جیت اپنے نام کی تھی۔
پہلے بلے بازی کرتے ہوئے فائنل میچ جیتنے والی بھارت تیسری ٹیم ہے۔ اس سے پہلے2007 میں بھارت نے پاکستان کے خلاف اور 2012 میں ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کے خلاف پہلے بلے بازی کرتے ہوئے فائنل میں جیت اپنے نام کی تھی۔بھارت دو مرتبہ ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ جیتنے والی تیسری ٹیم بنی۔بھارت نے پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ جنوبی افریقا میں2007 میں جیتا تھا تب اس نے جوہانسبرگ میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان کو پانچ رنز سے شکست دی تھی۔

دو مرتبہ ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ جیتنے والی پہلی ٹیم ویسٹ انڈیز تھی۔ اس نے پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کولمبو میں2012 میں ہوئے فائنل میں میزبان سری لنکا کو36 رنز سے شکست دیکر خطاب پر قبضہ کیا تھا جبکہ2016 میں کلکاتہ میں کھیلے گئے فائنل میں اس نے انگلینڈ کو چار وکٹ سے شکست دیکر دوسری مرتبہ ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ جیتا تھا۔ میچ کے آخری اوور میں پہلی چار بالوں پر چار چھکے لگاکر کارلوس برتھویٹ نے اپنی ٹیم کو جیت دلائی تھی۔ انگلینڈ نے برج ٹائون میں 2010 میں کھیلے گئے فائنل میں آسڑیلیا کو سات وکٹ سے شکست دیکر پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ جیتا تھا جبکہ 2022میں ملبورن میں ہوئے فائنل میچ میں اس نے پاکستان کے خلاف چھ وکٹ سے کامیابی حاصل کرکے دوسری مرتبہ ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کا خطاب جیتا تھا۔