اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر حل کرائے، مقبوضہ کشمیر سول سوسائٹی کا مطالبہ

111

سرینگر (اے پی پی) بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سول سوسائٹی نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ مداخلت کرکے مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سول سوسائٹی کے ارکان نے سرینگر میں اجلاس کے بعد جاری بیان میں کشمیریوں کے حقوق کو دبانے کیلیے نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کے ظالمانہ ہتھکنڈوں کی مذمت کی اور عالمی برادری کی توجہ سیاسی قیدیوں کی حالت زار اور سیاسی انتقام کیلیے عدلیہ کے استعمال کی طرف مبذول کروائی۔ اجلاس میں افسوس کا اظہار کیا گیا کہ کشمیریوں کو من گھڑت الزامات پر نہ صرف گرفتار کیا جارہا ہے بلکہ ان کے گھروں، جائدادوں اور زمینوں پر قبضہ بھی کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کو بھارت کی سیاسی ناانصافیوں اور فوجی محاصرے سے نجات دلائے۔