کراچی /کندھ کوٹ(اسٹاف رپورٹر/نمائندہ جسارت)کراچی اور کندھ کوٹ میں ٹریفک حادثات میںخواتین ‘بچوں اورپولیس اہلکاروںسمیت 11افراد جاں بحق‘20زخمی ہوگئے‘بیشتر کی حالت تشویشناک‘ ہلاکتوں اضافے کاخدشہ‘ وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کا حادثے پر اظہارافسوس‘ زخمیوں کو فوری بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت ۔ تفصیلات کے مطابق پکنک کے لیے ہاکس بے جانے والے خاندان کی کوسٹرکو حادثہ ٹرک اڈے کے قریب پیش آیا‘حادثے میں، 3خواتین اور3بچوں سمیت7افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ حادثے میں 17افراد زخمی ہوئے ، 6زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ،حادثے کاشکار خاندان کوسٹر پر بھنگوریہ گوٹھ سے ہاکس بے جارہاتھا، ٹرالر اور کوسٹر کی تیز رفتاری کی وجہ سے حادثہ ہوا ،ہلاک شدگان میں40سالہ صغرا زوجہ غلام علی ،45سالہ شازیہ زوجہ زوجہ احمد عمر ،6سالہ سکینہ دختر منظور ،4سالہ زینت دخترحیات ، 10سالہ کنزا دختر طارق ، 14سالہ قدیرولد عبدالجبار شامل ہیں جبکہ 35سالہ اظہر ،35سالہ بشری ، 25 سالہ صادق ،10سالہ مدثر ، 32 سالہ شبیر ،20سالہ زینب سمیت 17افراد زخمی ہوگئے زخمیوں میں سے 6زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے عینی شاہدیں کے مطابق کوسٹر کا ڈرائیور تیز رفتاری کا مظاہرہ کررہاتھا اسی دوران ٹرک اڈے کے قریب ٹرالرسامنے آگیاجس کے نتیجے میں کوسٹر ٹرالر سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی حادثے کی اطلاع ملتے ہی ہے پولیس اور فلاحی اداروں کے رضاکارموقع پرپہنچ گئے جنہوں نے لاشوں زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔بعض زخمی کوسٹر میںپھنس گئے جن کو کوسٹر کاٹ کر باہرنکال کر اسپتال منتقل کیاگیاپولیس کے مطابق کوسٹر اور ٹرالر کے ڈرائیور موقع سے فرار ہوگئے تاہم پولیس کاکہناہے کہ دونوں کا سراغ لگالیاگیاہے اور جلد گرفتار کرلیاجائے گا۔دوسری جانب صوبہ سندھ کے علاقے کندھ کوٹ میں پولیس موبائل حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں 4اہلکار جاں بحق اور3زخمی ہوگئے۔افسوسناک حادثہ کندھ کوٹ میں مچھی بنڈو انڈس ہائی وے پر پیش آیا، جہاں پولیس موبائل ٹائی راڈ ٹوٹنے کے باعث الٹ کر کھائی میں جاگری۔حادثے میں موبائل میں سوار4 پولیس اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ3 زخمی ہوگئے۔ حادثے کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقعہ پر پہنچ گئیں، لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے اہلکاروں میں،محمد وسیم ، محمد اسماعیل ، وفا حسین اور غلام حسین شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ماڑی پور روڈ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے انسانی جانوں کے نقصان پر انتہائی دکھ ہوا ہے۔ انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سول اسپتال، ٹراما سینٹر اور جناح اسپتال کی انتظامیہ روڈ حادثے کے زخمیوں کا بہترین علاج کرے، وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس سے ماڑی پور ٹریفک حادثے کی تفصیلی رپورٹ طلب بھی کرلی۔