ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل : کون بنے گا فاتح، موسم کی صورتحال ؟

253

کینسنگٹن اوول :  T20 ورلڈ کپ 2024  کے فائنل میں آج بھارت کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہوگا ، کھیل پاکستانی وقت کے مطابق شام 7:30 بجے شروع ہوگا ۔

برج ٹاؤن ، بارباڈوس میں واقع کینسنگٹن اوول گراؤنڈ میں 28 ہزار افراد کی گنجائش ہے جو آج ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ  کے فائنل میں بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان سنسی خیز مقابلے کی میزبانی کرے گا۔

پچ اور حالات

کینسنگٹن اوول کی پچ کو زیادہ اسکور کرنے والے میچز کے لیے جانا جاتا ہے، حالانکہ یہ تیز گیند بازوں کو اسپنرز کے مقابلے میں تھوڑا فائدہ فراہم کرتی ہے۔

یہاں کھیلے گئے8 میچوں میں سے پانچ میں ٹاس جیتنے والی ٹیموں نے پہلے فیلڈنگ کا انتخاب کیا، لیکن نتائج ملے جلے رہے۔

ٹورنامنٹ میں اس مقام پر بھارت نے اپنے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان کے خلاف 47 رنز سے فتح حاصل کی۔ جنوبی افریقہ کے لیے برج ٹاؤن میں یہ ان کا پہلا میچ ہوگا۔

موسم کا حال

پورے ٹورنامنٹ میں موسم کے بدلتے حالات نے بہت متاثر کیا ، برج ٹاؤن کے محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آج بارش کا بہت زیادہ امکان ہے جو فائنل کو متاثر کرے گی  ، مزید بتایا گیا ہے کہ مشرق سے چلنے والی ہوائیں بارش کےامکانات کو بڑھانے میں کافی مددگار ثابت ہو رہی ہیں ۔

ایک طوفان کی اتوار کو جزیرے کے قریب آنے کی توقع ہے، جس سے بارباڈوس موسمیاتی خدمات کی جانب سے شدید موسم کی وارننگ دی گئی ہے۔

ہنگامی منصوبے

فائنل کے دوران بارش کے آنے پر کھیل کے لیے 190منٹ کا اضافی وقت مختص کیا گیا ہے۔ مزید برآں، اتوار، 30 جون کو ریزرو ڈے کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔

بارش برسنے کے سبب  اگر کھیل میں دونوں ٹیموں کی بیٹنگ 10 اوورز میں مکمل نہیں ہوسکتی تو  دونوں ٹیموں کو مشترکہ فاتح قرار دیا جائے گا۔

اگر فائنل ٹائی پر ختم ہوتا ہے، تو اس کا فیصلہ سپر اوور کے ذریعے کیا جائے گا، اگر ضروری ہوا تو اضافی سپر اوور کھیلے جائیں جب تک کوئی ٹیم فاتح نہیں بن جاتی ۔

دنیا بھر کے کرکٹ شائقین اس تاریخی مقابلے کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کا اختتام اس کھیل کے ساتھ ہو جائے گا ۔