گوگل نے اپنی ٹرانسلیٹ سروس میں مزید 110 زبانوں کو شامل کرلیا

209

سان فرانسسکو: گوگل نے اپنی ٹرانسلیٹ سروس میں مزید 110 زبانوں کو شامل کرلیا۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں نے گوگل بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ کمپنی نے اپنے معروف ترین فیچرز میں سے ایک گوگل ٹرانسلیٹ میں مزید 110 نئی زبانوں کو شامل کرلیا ہے، جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ زبانوں کو دنیا میں پھیلانا ہے۔

واضح رہے کہ گوگل ٹرانسلیٹ میں اب تک مجموعی طور پر 133 زبانوں کو شامل کیا گیا تھا، اور مزید نئی زبانیں شامل کیے جانے کے بعد اب یہ تعداد بڑھ کر 243 تک پہنچ چکی ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ ٹرانسلیٹ فیچر میں شامل نئی زبانیں دنیا بھر میں 61 کروڑ 40 لاکھ  سے زائد افراد بولتے ہیں، جو دنیا کی تقریباً 8 فی صد آبادی کی نمائندگی کرتی ہے۔ جب کہ کچھ زبانیں بولنے والوں کی تعداد 10 کروڑ سے زیادہ ہے۔

25 فی صد کے قریب نئی زبانیں افریقا سے تعلق رکھتی ہیں۔ شامل کی جانے والی نئی افریقی زبانوں میں فون،کیکونگو، لو، گا، سواٹی، وینڈا اور ولوف شامل ہیں۔ گوگل نے بتایا کہ کینٹونیز زبان کو شامل کیے جانے کا مطالبہ سب سے زیادہ رہا ہے، لیکن اس کے حروف مینڈارین زبان کے ساتھ مل جاتے ہیں۔