کے پی کے میں کسی آپریشن کی اجازت نہیں دی جائے گی، سابق سینیٹر مشتاق احمد

159

 پشاور :جماعت اسلامی پاکستان کے رہنما اور سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ عزم استحکام 22 واں ملٹری آپریشن ہوگا جسے مسترد کرتا ہوں، جب پارلیمنٹ موجود ہے تو انہیں بائی پاس کرکے ایپکس کمیٹی سے آپریشن کی منظوری کیوں لی گئی؟،خیبر پختونخوا میں کسی آپریشن کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

سابق سینیٹر نے کہاکہ وز یر دفاع خواجہ آصف کا   افغانستان کے اندر کارروائی سے متعلق بیان مناسب نہیں ،حکومت مذاکرات کا راستہ اپنائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  23 نومبر 2023 سے ہماری سیو غزہ کی تحریک چل رہی ہے اور غزہ میں جنگ کو 9 ماہ مکمل ہو چکے ہیں،  اسرائیل نے امریکی تعاون سے 16 ہزار بچے قتل کیے گئے اور عید پر 17 ہزار بچے ایسے تھے جن کا کوئی موجود نہیں تھا۔

رہنما جماعت اسلامی پاکستان  نے کہا کہ غزہ میں ایک ہزار 300 اجتماعی قبریں دریافت ہوئی ہیں، اسپتال سے اٹھا کر مریضوں کو قتل کیا گیا جبکہ 3 ہزار 400 ایسے واقعات ہوئے جہاں کوئی نہیں بچا۔اسرائیل امریکی تعاون سے انسانیت کے خلاف معصوموں کا قتل عام کر رہا ہے، اسرائیل نے درندگی کے ساتھ قتل عام شروع کیا ہوا ہے اور فلسطینیوں پر فاسفورس بموں کا استعمال کیا گیا جو دو ایٹم بم کے برابر تباہ کن ہے۔