اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے حالیہ بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بیان کا انداز پاک افغان تعلقات کی بہتری کی علامت نہیں ہے۔
خواجہ آصف کے برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جب اس طرح کے جنگی تربیت کے نتیجے میں فیصلے کیے جائیں گے تو حالات ایسے ہی ہوں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس طرح کے فیصلوں سے خطے میں کوئی بھی ہمارا دوست نہیں رہے گا۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ نہ تو ہماری آنکھیں کھلی ہیں اور نہ ہی ہمارے دل کی آنکھیں۔ یاد رہے کہ خواجہ آصف نے اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ افغانستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو پہلے بھی نشانہ بنایا ہے اور آئندہ بھی بنائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آپریشن ‘عزم استحکام’ فوج کی نہیں بلکہ حکومت کی ضرورت ہے۔
وزیر دفاع نے یہ بھی واضح کیا تھا کہ افغان حکومت سے تعاون کی امید تھی لیکن وہ عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کرنے کو تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ ہم حملے کرنے والوں کو کیک پیسٹری نہیں کھلائیں گے۔