سانگھڑ (نمائندہ جسارت) چک نمبر 22 میں راجپوت برادری کا حملہ، آرائیں برادری کے 4 افراد زخمی۔ تفصیلات کے مطابق نواحی علاقے سنجھورو تھانے کی حدود چک نمبر 22 میں راجپوت برادری کے افراد کے حملے میں کلہاڑیاں لگنے سے آرائیں برادری کے 4 افراد زخمی ہو گئے۔ نیشنل پریس کلب میں طالب آرائیں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ منور اقبال راجپوت کے 3 بیٹے دانش، نعمان، بلال اور ان کی 2 بیگمات نے ڈنڈوں، لوہے کی راڈ، بغدا اور کلہاڑیاں مار کر میرے والد عطاالحق آرائیں، الطاف حسین آرائیں، زاہد آرائیں اور مجھ پر قاتلانہ حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان بااثر ہیں، پولیس ملزمان کے خلاف کارروائی نہیں کر رہی، چند ہفتے قبل ہماری شادی شدہ لڑکی لائبہ کوثر آرائیں کو ملزمان کے بھائی عثمان راجپوت نے اغوا کیا اور نکاح پر نکاح کیا، لائبہ پہلے ہی مدثر حاضر سروس فوجی کی بیوی اور حاملہ تھی، ملزمان کے خلاف سنجھورو تھانے میں مقدمہ درج کرایا جس کی پاداش میں حملہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا والد کے بازو اور بھائی کی اُنگلیاں کاٹ دی گئیں، لیکن پولیس ایف آئی آر درج نہیں کر رہی۔ متاثرین نے آئی جی سندھ اور ایس ایس پی سانگھڑ غلام نبی کیریو سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا جائے۔