افغانستان سے متعلق دوحا مذاکرات آج سے ہونگے‘ پاکستانی وفد شرکت کرے گا

118

دوحا/کابل (آن لائن) افغانستان سے متعلق دوحا مذاکرات آج اتوار سے شروع ہوں گے، پاکستان کا وفد دوحا قطر میں مذاکرات میں شرکت کرے گا۔سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان آصف درانی اور احمد نسیم وڑائچ پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔مذاکرات میں 25 ممالک کے سفارت کاروں اور خصوصی نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔ دوحا مذاکرات میں امریکا کے تھامس ویسٹ، چین کے ژوئی ژیاو ینگ، ایران کے حسن کاظمی قمی، یورپی یونین کے ٹامس نکلسن، برطانیہ کے نائیگل کیسی سمیت متعدد خصوصی ایلچی برائے افغانستان شرکت کر رہے ہیں۔ دوحا مذاکرات میں میزبان جنرل سیکرٹری اقوام متحدہ انتونیو گوتریس اور نمائندہ خصوصی بھی شرکت کریں گے۔ادھرافغانستان نے پاکستانی وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے عسکریت پسندوں کے خلاف سرحد پار کارروائی سے متعلق دیے گئے بیان کو غیرذمہ دارانہ قرارد یتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی قیادت کے لیے ضروری ہے کہ وہ کسی کو بھی حساس معاملات پر اس طرح کا حساس بیان دینے کی اجازت نہ دے،افغانستان کی وزارت دفاع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جو کوئی بھی کسی بھی بہانے سے ہماری سرحد کی خلاف ورزی کرے گا وہ نتائج کا ذمہ دار خود ہوگا ،افغانستان کا اصولی موقف ہے کہ وہ افغان سرزمین کو کسی بھی ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیتا، پاکستانی حکام کو غیر ذمہ دارانہ بیان دینے سے گریز کرنا چاہیے۔