راولپنڈی (آن لائن) اٹک کے قریب موٹر وے پر ایمبولینس اور آئل ٹینکر میں خوفناک تصادم، 3 خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق اٹک کے قریب ہکلا انٹرچینج ڈی آئی خان موٹر وے پر اٹک سے بے نظیر بھٹو اسپتال راولپنڈی فالج کی مریضہ منتقل کرنے والی ریسکیو 1122 کی ایمبولینس آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ اٹک ڈسٹرکٹ اسپتال میں سہولیات کی کمی کے باعث فالج کی خاتون مریضہ کو راولپنڈی کے اسپتال منتقل کیا جارہا تھا۔ خوفناک حادثے میں ریسکیو میڈیکل ٹیکنیشن سمیت 5 افراد جاں بحق ہوئے۔ ایمبولینس میں موجود مریضہ اور اس کے 3 رشتے بھی حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہوگئے۔ اس کے علاوہ 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔ حادثے کے نتیجے میں ایمبولینس تباہ ہو گئی اور ریسکیو اہلکار وقار سمیت 4 افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ جاں بحق اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔