ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں جوس بٹلر کے ایک ہزار رنز مکمل

112

انگلینڈ کی ٹیم دوسرے سیمی فائنل میں بھارت کو تو شکست نہیں دی سکی مگر اس کے کپتان جوس بٹلرٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں ایک ہزار رنز بنانے والے بلے بازوں میں شامل ہوگئے۔ پروڈینس میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں دائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے15 منٹ میں13 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے23 رنز بنائے۔

جوس بٹلر نے2012 سے اب تک جو35 میچ ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں کھیلے ہیں انکی34 اننگز میں42.20 کی اوسط اور147.23 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ ایک سنچری اور پانچ نصف سنچریوں کی مدد سے1013 رنز بنائے ہیں ۔ وہ دو مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور آئوٹ ہوئے بغیر101 رنز ہے جو انہوں نے سری لنکا کے خلاف شارجہ میں یکم نومبر2021 کو104 منٹ میں67 بالوں پر چھ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔ اس میچ میں انگلینڈ نے 26 رنز سے کامیابی اپنے نام کی تھی۔

ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں ایک ہزار رنز بنانے والے جوس بٹلر انگلینڈ کے پہلے اور کل ملاکر چوتھے بلے باز بنے۔ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز ورات کوہلی کے پاس ہے جنہوں نے2012 سے اب تک جو34 میچ کھیلے ہیں انکی32 اننگز میں57.90 کی اوسط اور 128.81 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ چودہ نصف سنچریوں کی مدد سے1216 رنز بنائے ہیں ۔ وہ دو مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے ہیں اور ان کا سب سے زیاد ہ اسکور آوٹ ہوئے بغیر89 رنز ہے جو انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ممبئی میں31 مارچ2016 کو63 منٹ میں47 بالوں پر گیارہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے بنایا تھا۔ اس میچ میں بھارت نے سات وکٹ سے جیت حاصل کی تھی۔

ورات کوہلی کا بلہ موجودہ عالمی کپ میں نہیں چلا ہے اگر فائنل میں بھی وہ رنز نہیں بناتے تو روہت شرما ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن سکتے ہیں۔ روہت شرما فائنل سے پہلے تک ورات کوہلی سے صرف پانچ رنز پیچھے ہیں۔ فائنل میں انکی ایک بڑی اننگز ان کو عالمی کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والا بلے باز بنا سکتی ہے۔ دائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے 2007 سے اب تک جو46 میچ کھیلے ہیں انکی43 اننگز میں35.61 کی اوسط اور132.78 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ12 نصف سنچریوں کی مدد سے 1211رنز بنائے ہیں۔ وہ ایک مرتبہ صفر پر آئوٹ ہوئے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور92 ر نز ہے جو انہوں نے آسڑیلیا کے خلاف گروس آئسلیٹ میں24 جون 2024 کو آخری سپر آٹھ میچ میں59 منٹ میں41 بالوں پر سات چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔اس میچ میں بھارت نے24 رنز سے کامیابی اپنے نام کی تھی۔

سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں۔ انہوں نے2007 اور 2014 کے درمیاں جو31 میچ کھیلے تھے۔ انکی31اننگز میں39.07 کی اوسط اور 134.74 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھاایک سنچری اور چھ نصف سنچریوں کی مدد سے 1016 رنز بنائے تھے۔ وہ ایک مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور 100 رنز ہیں جوانہوں نے زمبابوے کے خلاف پروڈینس میں3 مئی2010 کو80 منٹ میں64 بالوں پر دس چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔ اس میچ میں سری لنکا نے ڈکورتھ اینڈ لوئیس قاعدے کے تحت 14 رنز سے جیت اپنے نام کی تھی۔

آسڑیلیا کے ڈیوڈ وارنر ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں ایک ہزار رنز بنانے کے خواہش لیکر ریٹائر ہوگئے۔ اگر بھارت کے خلاف آخری لیگ میچ میں وہ بڑی اننگز کھیلتے تو ایسا کرسکتے تھے مگر اس میچ میں وہ صرف چھ رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ بائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے2009 سے اب تک جو41 میچ کھیلے ہیں انکی41 اننگز میں25.89 کی اوسط اور134.24 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ، آٹھ سنچریوں کی مدد سے984 رنز بنائے ہیں۔ وہ دو مرتبہ اپنا کھاتہ نہیں کھول پائے تھے اور ان کا سب سے زیادہ اسکور آئوٹ ہوئے بغیر89 رنز ہے جو انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ابوظبہی میں6 نومبر 2021 کو89 منٹ میں56 بالوں پر نو چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔ اس میچ میں آسڑیلیا نے آٹھ وکٹ سے جیت درج کی تھی۔