کراچی(اسپورٹس رپورٹر) انضمام الحق بھی ’’لاڈلے‘‘ بھارت سے آئی سی سی کے خصوصی سلوک پر نالاں ہیں، ان کے مطابق ورلڈکپ سے پہلے ہی ٹیم کو اپنے سیمی فائنل وینیو کا علم تھا، پاکستان کو کبھی ایسے فوائد حاصل نہیں ہوئے۔تفصیلات کے مطابق جاری ورلڈکپ میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھارتی ٹیم کو فائدہ پہنچانے کیلیے کوئی کسرنہیں چھوڑی، غیرملکی سابق کرکٹرز مختلف معاملات پر کئی روز سے اعتراض کر رہے ہیں،البتہ حکام نے اس کا کوئی نوٹس نہیں لیا، اب سابق پاکستانی کپتان انضمام الحق بھی بحث میں شامل ہو گئے، انھوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بلو شرٹس کیلیے الگ قوانین بنائے گئے ہیں۔انھیں توایونٹ سے پہلے ہی اپنے سیمی فائنل وینیو کا علم تھا، پاکستان کو کبھی ایسے فوائد حاصل نہیں ہوئے، ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ اگرآپ دونوں سیمی فائنلز کو دیکھیں تو صرف بھارت و انگلینڈ کے میچ کا کوئی ریزرو ڈے نہیں تھا،اس کی وجہ بھارت کا اپنے تمام میچز جیتنا تھی، اگر سیمی فائنل بارش کے سبب منسوخ ہو جاتا تو ٹیم بغیر کھیلے فائنل میں جگہ بنا لیتی، ہر میچ کیلیے الگ قوانین رکھے گئے۔ایشیا کپ میں جب پاکستان ٹیم مضبوط پوزیشن میں تھی تو اچانک صرف ایک میچ کیلیے ریزرو ڈے رکھ لیا گیا، ہر بار بھارت کو ہی فائدہ ملتا ہے،یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر بھی ہیں۔اس سے قبل انضمام الحق نے ارشدیپ سنگھ کی ریورس سوئنگ پر بھی شکوک ظاہر کرتے ہوئے امپائرز کو ذمہ داری مستعدی سے انجام دینے کا مشورہ دیا تھا، اس کا جواب دیتے ہوئے بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز میں سخت گرمی اور پچز بھی خشک ہیں، اگر گیند یہاں ریورس سوئنگ نہیں ہوئی تو کہاں ہو گی؟ ہم انگلینڈ یا آسٹریلیا میں تو نہیں کھیل رہے ہیں۔