کراچی(پ ر)کے الیکٹرک نے ظلم کی اپنی تمام حدود کو پارکر لیا ہے۔اربوں روپے ٹیکس ادا کرنے والا شہر بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔شدیدگرمی میں بدترین لوڈ شیڈنگ نے ثابت کر دیا ہے کہ کے الیکٹرک کراچی دشمنی میں پاگل ہوگئی ہے۔یہ بات جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے قائم مقام امیر عاشق علی خان نے دار العلوم کورنگی کے قریب کے الیکٹرک کے آفس کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر یوسیز چیئرمین مرزا فرحان بیگ،مولانا محمد ادریس،نادرعلی خان لودھی،حاجی محمد ایوب عباسی،اسراراحمد خان،حمادحیدر،محمدعمیر، رضوان رضا خان،انیس احمد خان نے بھی خطاب کیا۔جبکہ قیوم آباد میں کے الیکٹرک کے آفس کے باہر احتجاجی مظاہرے سے جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے قائم مقام سیکرٹری سیدآصف علی‘ قاری منصور احمد قریشی ودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔عاشق علی خان نے کہا کہ روزانہ درجنوں افراد بجلی نہ ہونے کے سبب انتقال کر رہے ہیں اور ان ظالمو کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ سید آصف علی نے کہا کہ کراچی کی عوام کو اب کے الیکٹرک کے مظالم کے خلاف سڑکوں پر نکلنا ہوگا اور مہنگی بجلی فروخت کرنے اور بدترین لوڈ شیڈنگ پر سخت مزاحمت کرنا ہوگی۔جماعت اسلامی عوام کی جماعت ہے اور ہم سڑکوں پر عوام کا مقدمہ لڑے گے۔