ایران نے فردو جوہری پلانٹ میں 4سینٹری فیوجز نصب کردیے ، عالمی ایجنسی

100

ویانا (انٹرنیشنل ڈیسک) عالمی توانائی ایجنسی نے کہا ہے کہ ایران نے یورینیم افزودگی کے لیے جدید سینٹری فیوجز نصب کر دیے ہیں ۔ ایران نے 2ہفتے قبل جوہری توانائی کے بین الاقوامی ادارے کو مطلع کیا تھا کہ وہ فردو پلانٹ میں آئی آر 6 سینٹری فیوجز کے 8کیسکیڈز یا کلسٹرز کو شامل کرکے فردو میں یورینیم افزودگی کی اپنی صلاحیت میں تیزی سے اضافہ کر دے گا۔کیسکیڈز سنٹری فیوجز کا ایک گروپ ہے جو یورینیم کو مزید تیزی سے افزودہ کرتا ہے۔ آئی اے ای اے نے تصدیق کی ہے کہ سینٹری فیوجز کے 2کیسکیڈز کو نصب کر دیا گیا تھا،جب کہ اب اس کی تعداد 4کردی گئی ہے۔ ایجنسی نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ کیسکیڈز کب کام شروع کریں گے۔ اس سے قبل آئی اے ای اے کے 35 ممالک کے بورڈ آف گورنرز کی جانب سے 5 جون کو ایران کے خلاف ایک مذمتی قرارداد پیش کی گئی تھی،جس میں تہران سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ جوہری نگران ادارے کے ساتھ تعاون بڑھائے اور معاینہ کاروں پر عائد کی گئی حالیہ پابندی کو واپس لے۔ عالمی توانائی ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایران فردواور نطنز میں زمین کے اوپر واقع ایک پائلٹ پلانٹ میں یورینیم کو 60 فیصد تک افزودہ کر رہا ہے،جو کہ جوہری بم بنانے کی لگ بھگ 90 فیصد حد کے قریب ہے۔ ااندازے کے مطابق وہاں یورینیم کا 60فیصد تک افزودہ مواد موجود ہے، جو اگر مزید افزودہ کیا جائے تو 3جوہری بم بنانے کے لیے کافی ہے۔فردو میں ایران فی الحال سینٹری فیوجز کے صرف 2کیسکیڈز کو 20 فیصد سے60 فیصد تک افزودگی کے لیے استعمال کر رہا ہے۔ادھر امریکا نے ایران کی تیل کی تجارت کو ہدف بنانے والی نئی پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدامات ایران کی جانب سے جوہری پروگرام کو ترقی دینے کے ردعمل میں کیا جارہا ہے۔