تہران (صباح نیوز) ایران میں 28 جون کو ہونے والے قبل از وقت صدارتی انتخابات میں کوئی بھی امیدوار50 فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے جس کے باعث اب ملک میں 5جولائی کو دوبارہ پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی وزارت داخلہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ 5 جولائی کو ایران میں دوبارہ پولنگ ہوگی۔ اب دوسرے مرحلے میں صدارتی امیدواروں مسعود پزیشکیان اور سعید جلیلی مدمقابل ہوں گے۔غیرحتمی نتائج کے مطابق 2کروڑ 40 لاکھ سے زیادہ ووٹوں کی گنتی کے بعد قانون ساز مسعود پیزشکیان ایک کروڑ40 لاکھ ووٹ لیکر سب سے آگے رہے جبکہ سابق سفارت کار سعید جلیلی90 لاکھ 40 ہزار سے زیادہ ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ صدارتی امیداروں میں پاسداران انقلاب کے سابق کمانڈر اور سابق اسپیکر محمد باقرقلیباف، سابق جوہری مذاکرات کار سعید جلیلی جو4 سال تک سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا سرکاری دفتر بھی چلاتے رہے ہیںشامل تھے۔ صدارتی امیدوار محمد باقر34 لاکھ ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے، جبکہ چوتھے نمبر پر آنے والے محمدی محض نے 2 لاکھ سے زیادہ ووٹ لیے۔الیکشن کمیشن آف ایران نے بتایا ہے کہ قبل ازوقت ہونے والے صدارتی انتخابات میں ووٹر ٹرن آٹ40 فیصد رہا ہے، جبکہ 2021ء میں جب انتخابات ہوئے تو ٹرن آؤٹ48 فیصد تھا۔واضح رہے کہ ایران کے سابق صدر ابراہیم رئیسی گزشتہ ماہ ساتھیوں سمیت ہیلی کاپٹر کے حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے جس کے باعث ملک میں قبل ازوقت انتخابات منعقد ہوئے۔