کراچی: اسلامی جمعیت طلبہ کے تحت شہر قائد میں اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے امریکی قونصلیٹ تک یونائیٹڈ فار غزہ مارچ کا انعقاد کیا گیا۔
اسرائیلی کی فلسطینیوں کے خلاف جارحیت اور غزہ پر مسلسل بمباری کے پیچھے امریکا کی کھلی حمایت اور امداد کے خلاف اسلامی جمعیت طلبہ کے مارچ کی قیادت امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کی۔
اس موقع پر مارچ کے شرکا نے بینر اٹھا رکھے تھے، جن پر Sto Genocide in Palestine، القدس ہمارا تحریر تھا۔ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے منعقدہ مارچ میں طلبا و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مارچ بوٹ بیسن سے امریکی قونصلیٹ تک منعقد کیا گیا، جس میں شرکا سے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان، اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اعلیٰ حسن بلال ہاشمی، ناظم کراچی آبش صدیقی نے خطاب کیا۔
اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے ناظم آبش صدیقی نے اہل غزہ و فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے امریکی قونصلیٹ کے باہر کراچی یونائیٹڈ فار غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 7 اکتوبر کو اسلامی جمعیت طلبہ نے سب سے پہلے حماس کی پشت پناہی کی اور ان کی حمایت کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ حماس نے صبر و استقامت کا مظاہرہ کیا اور پیغام دیا ہے کہ اللہ کے سوا کسی کے سامنے سجدہ نہیں کریں گے۔ مسئلہ کشمیر کا ہو یا فلسطین کا اسلامی جمعیت فلسطین اور کشمیر کے مجاہدین کے ساتھ ہے۔ حماس کے مجاہدین نے مسلم ممالک کے حکمران کو عیاں کردیا ہے۔مسلم ممالک کے حکمران صرف جمہوریت کے نعرے لگاتے ہیں لیکن عملاً کچھ نہیں کرتے۔
آبش صدیقی کا کہنا تھا کہ اسلامی جمعیت طلبہ امریکی قونصلیٹ میں یادداشت پیش کرے گی۔ ہم پر امن لوگ ہیں اور ہم اس وقت تک یہاں سے نہیں ہٹیں گے جب تک ہمیں قرارداد پیش کرنے کا موقع نہیں دیا جائے گا۔
ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان حسن بلال ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج طلبہ و طالبات کا نمائندہ اجتماع اس بات کا اعلان کررہا ہے کہ شہر کراچی کی یوتھ فلسطینی کاز کے ساتھ ہیں۔ فلسطینیوں نے امت مسلمہ کا بھرم قائم رکھا ہے اور مسجد اقصیٰ کی حفاظت کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ پاکستان کا نوجوان اعلان کررہا ہے کہ وہ فلسطین کی ماؤں ، بہنوں اور بیٹیوں کے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہآج فلسطین کے بچے اور بچیاں اعلان کررہے ہیں کہ ہمیں کس جرم میں قتل کیا جارہا ہے۔فلسطین میں کوئی ایسا گھر اور کوئی خاندان ایسا نہیں ہے جو صحیح سلامت ہو۔فلسطین کے مسلمان پوری استقامت کے ساتھ کھڑے ہیں اور اعلان کررہے ہیں کہ ہم امریکا کے سامنے کسی صورت سر نہیں جھکائیں گے۔ وہ دنیا جو امن اور جمہوریت کی بات کرتی تھی فلسطین کی جدوجہد نے اس کے خونخوار چہرے کو بے نقاب کردیا ہے۔
حسن بلال ہاشمی کا کہنا تھا کہ امریکا ظالم کی پشت پناہی کررہا ہے۔ ہم حکمرانوں سے سوال کرتے ہیں کہ وہ بتائیں تم ظالموں کے ساتھ ہو یا مظلوموں کے ساتھ ہو۔بوٹوں کی آشیرباد سے آنے والی حکومت امریکا کے اشاروں پر کام کررہی ہے۔ مسئلہ فلسطین پر دو ریاستی حل کی بات کی گئی۔پاکستان کی یوتھ کسی دو ریاستی حل کو نہیں مانتی۔پاکستان کی یوتھ صرف اور صرف آزاد اور خود مختار ریاست فلسطین کی ریاست کو مانتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ شدید گرمی و حبس کے موسم میں یوتھ نے امریکی قونصلیٹ کے باہر احتجاج کیا ہے۔ ہم پر امن ہیں اور ہم یہاں اسی لیے آئے ہیں کہ ہم امریکی قونصلیٹ میں یادداشت پیش کریں گے۔ ہم فلسطینی کاز کے ساتھ آگے بڑھ کر پورے پاکستان میں موبلائز کریں گے۔ اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے طلبہ و طالبات کا شکر گزار ہوں جنہوں نے بڑی تعداد میں اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کیا۔
بعد ازاں اسلامی جمعیت طلبہ کے 3 اراکین شوریٰ نے امریکی قونصلیٹ پر اسلامی جمعیت طلبہ کی جانب سے قرارداد جمع کروائی۔