وزیراعظم نے پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل فوری شروع کرنے کا حکم دے دیا

142

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل فوری طور پر شروع کرنے کا حکم دے دیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملازمین کے مفادات کا تحفظ پیش نظر رکھتے ہوئے پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل کا عمل فوری شروع کردیا جائے۔

وفاقی دارالحکومت میں اعلیٰ سطح  اجلاس کے دوران وزیراعظم کو پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل، اس وقت جاری منصوبوں پر عمل، پی ڈبلیو ڈی کے متبادل اور تعمیر و مرمت کے لیے نجی شعبے کی کمپنیوں کی خدمات کے حصول کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس دوران بتایا گیا کہ پی ڈبلیو ڈی کے تحت جاری منصوبوں کو متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں سے مکمل کروایا جائے گا جب کہ پی ڈبلیو ڈی کو کسی قسم کا نیا منصوبہ نہیں دیا جائے گا۔ تعمیر و مرمت کا کام بین الاقوامی معیار کی نجی کمپنیوں کو آوٹ سورس کیا جائے گا۔

وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو تحلیل کا عمل فوری شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس عمل کی خود نگرانی کریں گے۔ پی ڈبلیو ڈی کے اثاثہ جات کے انتظام کے لیے ایک ایسٹ مینجمنٹ کمپنی تشکیل دی جائے گی، پی ڈبلیو ڈی کے اثاثہ جات کے ریکارڈ کو مکمل طور پر ڈیجیٹائیز کیا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حالات ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والے اداروں کا مزید بوجھ برداشت کرنے کے متحمل نہیں ہوسکتے، اس حوالے سے جاری عمل کی نگرانی میں بذات خود کروں گا۔