کراچی: شہر قائد میں آج ہفتے کے روز بھی ہیٹ ویو جیسی صورت حال رہی اور درجہ حرارت 38 ڈگری ریکارڈ ہونے کے باوجود 48 ڈگری جیسا محسوس ہوا۔
کل اتوار کے روز سے کراچی میں غیر فعال سمندری ہواؤں کے مکمل بحال ہونے کا امکان ہے جب کہ محکمہ موسمیات نے 8 جولائی سے شہر میں مون سون کی پہلی بارش کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔
ہفتے کے روز کراچی میں مسلسل چھٹے دن گرم و مرطوب موسم رہا، اس دوران سمندری ہوائیں معطل ہونے اور بلوچستان کی شمال مشرقی سمت کی گرم ہوائیں چلنے کی وجہ سے دوپہر کے اوقات میں شدید گرمی اور حبس محسوس کی گئی۔
دریں اثنا چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق مون سون کے باقاعدہ سسٹم کے تحت 8 جولائی سے شہر میں بارش کا امکان ہے۔ ہفتے کو بحیرہ عرب میں موجود ہوا کا کم دباؤ شہر سے مزید دور چلے جانے کے سبب بارشوں کا امکان ختم ہوگیا تھا تاہم اس سسٹم کے اثرات کے نتیجے میں کہیں کہیں بوندا باندی اور پھوار ہوسکتی ہے۔