ٹی 20 ورلڈ کپ:بھارت دوسری بار چیمپئن بن گیا، جنوبی افریقا کو 7 رنز سے شکست

144

بارباڈوس: ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت ایک بار پھر چیمپئن بن گیا، جنوبی افریقا کو میگا ایونٹ کے آخری میچ (فائنل) میں 7 رنز سے شکست کا سامناکرنا پڑا۔

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ  کے فائنل میں بھارت نے سنسنی خیز  مقابلہ کرتے ہوئے جنوبی افریقا کو ہرا کر کامیابی حاصل کی۔

جنوبی افریقا کی ٹیم بھارت کی جانب سے دیے گئے  177 رنز کا ہدف  پانے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 169 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جب کہ اس کے 8 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔

بھارت نے ٹاس جیت کر فائنل میچ میں پہلے بیٹنگ کرکے جنوبی افریقا کو ہدف دینے کا فیصلہ کیا تھا اور اس نے 20 اوورز میں 176 رنز بنائے اور اس کے 7 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔ بھارت کے بیٹر ویرات کوہلی  نے 76 رنز کی شان دار اننگز کھیلی ، جس پر انہیں مین آف دی میچ کا اعزاز ملا جب کہ اکسر پٹیل نے 47 رنز اسکور کیے۔

بھارتی ٹیم کے پہلے 2 کھلاڑی 23 رنز کے ٹوٹل پر پویلین لوٹ چکے تھے، جس  میں روہت شرما 9 رنز بنا کر کیچ دے بیٹھے اور ان کے بعد میدان میں اترنے والے رشبھ پنت بھی بغیر کوئی رن بنائے میدان سے باہر چلے گئے۔

بھارت کی تیسری وکٹ 34 رنز کے ٹوٹل پر گری،  جب سوریا کمار یادیو صرف 3 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد 106 رنز کے ٹوٹل پر بھارت کا چوتھا کھلاڑی آؤٹ ہوا اور اکسر پٹیل 47 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ اس طرح 163 رنز کے ٹوٹل پر ویرات کوہلی آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 76 رنز بنائے۔

آخری اوور میں شیوم دوبے 27 اور رویندرا جڈیجا 2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ہاردک پانڈیا 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ جنوبی افریقا کی طرف سے کیشو مہاراج اور اینرچ نورٹجے نے 2، 2، کاگیسو ربادا اور مارکو جینسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ بھارت اس سے قبل 2007 میں پاکستان کو شکست دے کر پہلی بار ٹی 20 چیمپئن بنا تھا۔