لیبیا کشتی حادثہ:2 انسانی اسمگلرز کو65 لاکھ جرمانہ، 17، 17سال قید کی سزا

94
boat accident

راولپنڈی: عدالت نے  لیبیا کشتی حادثے سے متعلق ایک مقدمے میں 2 انسانی اسمگلرز کو 65 لاکھ روپے جرمانہ اور 17، 17 سال قید کی سزا سنادی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق  مقدمے کے ملزمان فیض اللہ خان اور اسلام خان نے راولپنڈی کے عثمان اور شکیل نامی نوجوانوں کو اٹلی بھیجنے کا جھانسا دیا تھا اور ان سے 65 لاکھ روپے وصول کرنے کے بعد دونوں کو اٹلی کے بجائے لیبیا پہنچایا اور وہاں چھوڑ کر غائب ہوگئے۔

دونوں نوجوان بعد میں لیبیا سے کشتی کے ذریعے اٹلی جانے کی کوشش میں سمندر میں پیش آنے والے حادثے  میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے تھے۔

اسپیشل جج سینٹرل امجد علی شاہ نے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے دونوں انسانی اسمگلرز کو 65 لاکھ روپے جرمانہ  ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ یہ رقم ڈوب کر جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کے والدین کو دی جائے۔ عدالت نے انہیں 17، 17 سال قید کی سزا بھی سنائی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملزمان عادی مجرم ہیں جو کسی رعایت کے حق دار نہیں۔ فیصلے کے بعد ضمانت پر رہا مجرموں کو کمرہ عدالت ہی سے  حراست میں لے کر جیل روانہ کردیا گیا۔

یاد رہے کہ لیبیا کشتی حادثے میں ڈوبنے والے دونوں نوجوانوں کی لاشیں بھی تاحال نہیں مل سکیں۔