جمہوری طرز عمل کے فروغ میں پارلیمانی ادارے اہم کردار ادا کرتے ہیں، چیئرمین سینیٹ 

167
Parliamentary institutions

 اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پارلیمنٹریزم کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں دنیا بھر کی تمام پارلیمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ جمہوری طرز عمل کے فروغ میں پارلیمانی ادارے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ یہ دن انتہائی اہمیت کا حامل کیونکہ اسی دن بین الپارلیمانی یونین کی سالگرہ بھی منائی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمیں بطور پارلیمنٹیرینز پارلیمانی جمہوریت کی اقدار کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کرنے کی ضرورت ہے اور ہمیں مکالمے اور باہمی احترام کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ معاشروں کو فائدہ پہنچانے والی قانون سازی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے انتھک محنت کرنی چاہیے۔  پارلیمانی طرز حکمرانی کے لیے غیر متزلزل وابستگی آنے الی نسلوں کے روشن مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی، دہشت گردی،انتہا پسندی، بڑھتے ہوئے تنازعات و دیگر چیلنجز جو اقوام عالم کی بقا کے لیے خطرہ بنتے جارہے ہیں ان سے نمٹنے کے لیے ایک مثر فریم ورک اور اجتماعی نقطہ نظر کی اشد ضرورت ہے۔پاکستان کی پارلیمنٹ امن، ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے دنیا بھر کی پارلیمانوں کے ساتھ ہے۔