اسلام آباد(کا مرس ڈیسک) اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے چینی سرمایہ کاری پاکستان لانے اور چینی صنعتوں کی پاکستان منتقلی کے لئے انتھک کوششیں لائق تحسین ہیں جسکی حمایت کرتے ہیں۔ چین میں مزدوری بہت بڑھ چکی ہے جبکہ اسکی مغربی ممالک سے کشیدگی بھی جاری ہے جسکی وجہ سے اسیبرامدات میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کا حل ان صنعتوں کی دیگر ممالک کو منتقلی ہے۔ شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ بڑھتی ہوئی کاروباری لاگت سے پریشان چینی سرمایہ کار اپنی صنعتیں اپنے دشمن ملک تو منتقل کرتے ہیں مگر سب سے قریبی اور دوست ملک پاکستان میں صنعتیں منتقل کرنے پر آمادہ نہیں ہوتے۔ چینی سرمایہ کاروں کی ہچکچاہٹ کا یہاں تمام پالیسی سازوں کو ادراک ہے مگر انکے تحفظات دور کرنے کے لئے کچھ نہیں کیا جاتا۔ اب وزیر اعظم شہباز شریف اپنے دورہ چین کے دوران مختلف کمپنیوں سے کئے گئے ایم او یوز کو عملی جامہ پہنانا چاہتے ہیں مگر ہر کام میں روڑے اٹکانے والی نااہل اور کاہل بیوروکریسی سے اس ضمن میں کام لینا ایک مشکل کام ہو گا۔ شاہد رشید بٹ نے کہا کہ متعدد غیر ملکی سیاسی و کاروباری شخصیات ہمارے اعلی سیاسی شخصیات سے بیوروکریسی کے رویے کی شکایت کر چکی ہیں مگر اس سے کوئی فرق نہیں پڑا ہے۔