بھارت تیسری مرتبہ ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے فائنل میں

170

پروڈینس میں کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میںبھارت نے دفاعی چمپئن انگلینڈ کو68 رنز سے شکست دیکر تیسری مرتبہ ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے فائنل میں جگہ بنائی۔ اس سیمی فائنل میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت سے بلے بازی کرائی جس نے مقررہ 20 اوور میں سات وکٹ پر171 رنز بنانے کے بعد انگلینڈ کے سبھی کھلاڑیوں کو 16.4 اوور میں 103 رنز پر آوٹ کرکے فائنل تک رسائی کی۔

اس عالمی کپ سے پہلیبھارتی ٹیم نے دو مرتبہ فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے جس میں ایک مرتبہ اسے کامیابی ملی ہے اور ایک مرتبہ شکست ہوئی ہے۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ جنوبی افریقا میں2007 میں کھیلا گیا تھا۔ اس عالمی کپ میں اس کا مقابلہ فائنل میں روائتی حریف پاکستان سے ہوا تھا۔ جوہانسبرگ میں24 ستمبر2007 کو کھیلے گئے فائنل میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ20 اوور میں پانچ وکٹ پر 157 رنز بنائے تھے۔ گوتم گمبھیر کے76 منٹ میں54 بالوں پر آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے بنائے گئے75 رنز کی بدولت بھارت کا یہ اسکور ممکن ہوسکا تھا۔پاکستان کی جانب سے عمر گل سب سے کامیاب بولر رہے ۔ انہوں نے چار اوور میں 28 رنز دیکر تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ پاکستان کے سبھی کھلاڑی 19.3 اوور میں152 رنز بناکر آئوٹ ہوئے تھے جسکی وجہ سے اسے فائنل میں پانچ رنز سے شکست ہوئی تھی۔ میچ کے آخری اوور میں پاکستان کو13 رنز درکار تھے۔ تیز بولر جوگندر شرما آخری اوور کرانے آئے تھے۔ پہلی بال وائیڈ قرار دی گئی ۔ جب یہ بال دوبارہ کرائی گئی تو پاکستان کے کپتان مصبا ح الحق اس پر کوئی رنز نہیں بناسکے۔

دوسری بال پر مصباح الحق نے شاندار چھکا لگاکر پاکستان پر سے دباو کافی کم کردیا تھا۔ چار بالوں پر چھ رنز کی ضرورت تھی۔ تیسری بال پر مصباح الحق نے اسکروپ کرکے اسکوائر لیگ باونڈری پر چھکا مارنے کی کوشش کی بال صحیح طرح سے انکے بلے پر نہیں آئی اور سری سنت نے باونڈری کے پاس ان کا کیچ لیکر بھارت کو ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ کا عالمی چمپئن بنوادیا۔ مصباح الحق نے51 منٹ میں38 بالوں پر چار چوکوں کی مدد سے43 رنز بنائے تھے۔ ردر پرتاپ سنگھ نے چار اوور میں26 رنز دیکر تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ عرفان پٹھان نے چار اوور میں16 رنز دیکر تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا اور مین آف دی میچ بنے۔

بنگلا دیش میں2014 میں ہوئے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں بھارت نے دوسری مرتبہ فائنل میں داخلہ حاصل کیا تھا اور اس مرتبہ اسے فائنل میں شکست ہوئی تھی۔ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے بھارت نے مقررہ 20 اوور میں چار وکٹ پر 130 رنز بنائے تھے۔ ورات کوہلی کے علاوہ کوئی اور بھارتی بلے باز سری لنکا کے بولروں کا مقابلہ نہیں کرسکا۔ وہ75 منٹ میں58 بالوں پر پانچ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے77 رنز بناکر رنز آوٹ ہوئے تھے۔ سری لنکا نے17.5 اوور میں چار وکٹ پر 134رنز بناکر میچ چھ وکٹ سے جیتا لیا تھا۔ کمار سنگا کارا نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے39 منٹ میں35 بالوں پر چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 52 رنز بنائے اور وہ آوٹ نہیں ہوئے۔انہیں مین آٖ ف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔ سری لنکا نے ابھی تک صرف ایک مرتبہ ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ جیتا ہے۔
جنوبی افریقا اوربھارت دونوں ٹیمیں کوئی میچ ہارے بغیر فائنل میں پہنچی ہیں۔جنوبی افریقا نے اپنے سبھی آٹھ میچ جیتے جبکہ بھارت نے سات میچ جیتے ۔ کنیڈا کے خلافبھارت کا میچ مکمل طور پر بارش کی نذر ہوا تھا۔