اسلام آباد: سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال اور سینیٹر فیصل واڈا کی معافی قبول کرتے ہوئے توہین عدالت کا نوٹس واپس لے لیا۔
رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی، فیصل واڈا اور مصطفیٰ کمال ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوگئے۔
مصطفیٰ کمال کے وکیل فروغ نسیم عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور کہا کہ مصطفیٰ کمال نے غیر مشروط معافی مانگی تھی، پریس کانفرنس میں بھی ندامت کا اظہار کر چکے ہیں۔
اس پر چیف جسٹس نے فیصل واڈا سے دریافت کیا کہ آپ کے وکیل نہیں آئے؟ کیا آپ نے بھی معافی مانگی ہے؟
فیصل واؤڈا نے جواب دیا کہ جی! میں نے بھی معافی مانگی ہے۔
واضح رہے کہ عدالتِ عظمیٰ نے فیصل واؤڈا اور مصطفیٰ کمال کی غیر مشروط معافی قبول کرتے ہوئے توہینِ عدالت کا نوٹس واپس لے لیا۔