ڈی آئی جی آپریشنز کی زیر صدارت محرم سیکورٹی کااجلاس

42

لاہور( آئی این پی)ڈی آئی جی آپریشنزلاہور محمد فیصل کامران نے کہا کہ محرم الحرام میں امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کیلئے سیکورٹی پلان پر من و عن عمل درآمد یقین بنانا ہو گا۔ ایس پی، ایس ڈی پی اوز ایس ایچ اوز امن کمیٹیوں اور لائسنس ہولڈرز سے رابطے میں رہیں۔محرم الحرام کے سیکورٹی اقدامات میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں ہونی چاہئے۔سپر وائزی افسران اپنے اپنے علاقہ کے ٹربل پوائنٹس چیک کریں اور پروگرام ہولڈز سے شورٹی بانڈز لیں۔ محمد فیصل کامران نے کہا کہ کرپشن، اختیارات سے تجاوز کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ تخفیف جرم اورجھوٹا مقدمہ درج ہونے پر ایس ایچ او ذمہ دار ہو گا۔ جھوٹا مقدمہ درج کرنے پر ایس ایچ او اپنے تھانے کی حوالات میں بند ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں اجلاس کے دوران کیا۔ ایس ایس پی آپریشنز،ایس پی ہیڈ کوارٹرز، 84تھانوں کے ایس ایچ اوز ودیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ تھانوں میں موجود ملزمان پر تشدد اور غیر قانونی حراست کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔جہاں اچھے کاموں پر حوصلہ افزائی کی جائے گی وہاں ہی ناقص کاکردگی پر باز پرس ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔ایس ایچ اوز اپنی ترجیحات کا صحیح تعین کریں،تھانوں کی نفری کے موثر استعمال کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ہاٹ سپاٹ ایریاز میں موثر پٹرولنگ، سول پارچات میں ڈیوٹی لگائی جائے۔پولیس شہریوں کو سڑکوں پر ان کے تحفظ کیلئے نظر آنی چاہئے۔ تمام افسران و جوان کرائم گراف نیچے لانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں۔ 15کال پر فوری رسپانس کیا جائے، ایس ڈی پی اوز ایس ایچ اوز خود موقع پر پہنچیں۔ایف آئی آر کے ایس او پیز کو فاسٹ ٹریک پر لائیں، مقدمات کا ایس او پیز کے مطابق اندراج یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر لاہور کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے جاری آپریشن کومزید تیز کیا جائے۔پتنگ بازی پر زیرو ٹالرنس ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بالا امتیاز کاروائی کی جائے۔ ناجائز اسلحہ اور ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش،قبضہ مافیا، قحبہ خانوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔قمار بازی میں ملوث بڑے مگر مچھوں کو قانوں کی گرفت میں لایا جائے۔ الائیڈ ڈیپارٹمنٹس سے مل کر بجلی چوری کرنے والوں کو قانون کی گرفت میں لائیں۔