اساتذہ کی صلاحیتوں میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے ،سید وقاص جعفری

98

لاہور (آئی این پی)الخدمت فائونڈیشن پاکستان اور جائیکا جاپان کے باہمی اشتراک سے الخدمت چائلڈ پروٹیکشن سینٹرز کے اساتذہ کیلیے 5 روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد ہوا۔ سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری، نیشنل ڈائریکٹر ایجوکیشن ڈاکٹر جبران بلو چ، پروگرام منیجر محمد معاویہ ، ٹرینر ماریہ ریاض سمیت پنجاب بھرسے چائلڈ پروٹیکشن سینٹرز کے اساتذہ شریک ہوئے۔سید وقاص جعفری نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم کے فروغ کیلیے اساتذہ کا کردار انتہائی اہم ہے، ان کی صلاحیتوں میں اضافہ، جدیدتقاضوں سے ہم آہنگ ہونا، روایتی طریقہ کارکے بجائے نئے طریقوں اور آئیڈیاز کے ذریعے طلبہ وطالبات کو تعلیم دینا بدلتے وقت کا تقاضا ہے۔ انہی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے الخدمت فانڈیشن نے جائیکا جاپان کے اشتراک سے چائلڈ پروٹیکشن سینٹر کے اساتذہ کیلیے ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کیا، اساتذہ کو 5دنوں کے دوران بہت کچھ سیکھنے کا موقع مل رہا ہے،اس ٹریننگ کے بعد اساتذہ اس قابل ہوجائیں گے کہ مختلف سرگرمیوں کے ذریعے کھیل ہی کھیل میں بچوں کو تعلیم دیں گے جس سے طلبہ میں سیکھنے کے رحجان میں اضافہ ہوگا۔سید وقاص جعفری نے کہاکہ دستیاب اعدادوشمارکے مطابق دو کروڑ 62 لاکھ بچے تعلیم سے محروم ہیں ایسی صورتحال کے پیش نظر الخدمت فانڈیشن تعلیم کے دیگرذرائع کے ساتھ ایسے بچوں کوٹارگٹ کررہی ہے جو کسی ورکشاپ،ہوٹل میں کام کرتے ہیں کا غذ اور کچراجمع کرکے اپنی اوراپنے خاندان کی کفالت کرتے ہیں، ایسے بچوں کے لیے الخدمت نے 76چائلڈ پروٹیکشن سینٹرزقائم کیے جن میں 3500طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں،ان سینٹرز میں زیرتعلیم بچوں کو کتب، سکول بیگ اور پائوں میں پہننے کے لیے جوتے فراہم کیے جاتے ہیں جبکہ ان بچوں کے لیے سردیوں میں گرم جیکٹس اور کمبل فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سال بھر دوپہر میں ریفریشمنٹ کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔