سکھر (نمائندہ جسارت) بلدیہ کا مالی سال 2004-25 کے لیے 10 ارب 50 کروڑ 77 لاکھ سے زائد کا بجٹ پیش کر دیا گیا۔ میئر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے بجٹ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی میئر ڈاکٹر ارشد مغل، میونسپل کمشنر محمد علی شیخ، یوسی چیئرمینز، خصوصی نشستوں پر منتخب اراکین سمیت میونسپل افسران نے شرکت کی۔ اکائونٹ آفیسر غلام محمد سولنگی نے بجٹ کے حجم کی تفصیلات سے کونسل کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن کی کل آمدنی کا تخمینہ 10 ارب 50 کروڑ 77 لاکھ 26 ہزار 8 سو 75 روپے لگایا گیا ہے، جبکہ مجموعی اخراجات 9 ارب 80 کروڑ 10 لاکھ 92 ہزار 465 روپے، 70 کروڑ روپے بچت کے ساتھ شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بلدیہ کو او زیڈ ڑی کی مد میں 2 ارب 33 کروڑ 77 لاکھ 11 ہزار 3 سو 75 روپے جبکہ کیپیٹل انکم 6 ارب 19 کروڑ، گرانٹ کی مد میں ایک ارب و ذاتی ذرائع آمدن سے 27 کروڑ سے زائد کی آمدن متوقع ہے، جاری ترقیاتی اسکیموں کے لیے 35 کروڑ 17 لاکھ سے زائد جبکہ نئی اسکیموں کے لیے 3 ارب 97 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔بجٹ پیش ہونے کے بعد تمام اراکین کونسل نے میئر کی سکھر شہر کی بہتری کیلیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے متفقہ طور پر بجٹ کی منظوری دے دی۔