لاہور(نمائندہ جسارت) چودھری پرویز الٰہی اورچودھری شجاعت کے درمیان صلح ہوگئی، دونوں خاندانوں کے درمیان مراسم بحال ہوگئے ،چودھری شجاعت نے چوہدری پرویز الٰہی کو مسلم لیگ ق میں واپسی کی دعوت دی ۔ نجی ٹی وی کے مطابق پرویزالٰہی کی چودھری شجاعت سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات ہوئی ، ناراض چودھری برادران میں صلح ہو گئی، لیکن سیاسی میدان اپنا اپنا ہوگا،چودھری شجاعت اور پرویز الٰہی میں اتفاق ہو گیا،چودھری شجاعت نے چودھری پرویز الٰہی کو مسلم لیگ ق میں واپس آنے کا کہا ،چودھری پرویز الٰہی نے چودھری شجاعت کی پیشکش پر جواب دیا کہ مونس الٰہی پی ٹی آئی میں رہنے پر بضد ہے ۔ سیاسی راستے جدا رہنے کی صورت میں بھی خاندانی تعلقات کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا،چودھری پرویز الٰہی نے رہائی میں کردار ادا کرنے پرچودھری شجاعت کا شکریہ بھی ادا کیا ،چودھری شجاعت اور ایک وفاقی وزیر نے پرویز الٰہی کی رہائی میں اہم کردار ادا کیا تھا ،چودھری شجاعت نے رہائی سے ایک روز قبل بھی جیل میں پرویز الٰہی سے ملاقات کی تھی۔چودھری شجاعت نے پرویز الٰہی کو رہائی کے حوالے سے بعض معاملات پر قائل کیا تھا،پرویز الٰہی نے رہائی کے بعد سیاسی بیانات کو ایک محدود دائرے میں رکھنے پر اتفاق کیا ۔ترجمان مسلم لیگ ق مصطفی ملک نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں چودھری برادران کے درمیان ملاقاتوں اور صلح کی تصدیق کر دی،چوہدری برادران کے درمیان خاندانی تنازعات ختم ہو گئے ہیں ، طویل ناراضگی کے بعد دونوں بھائیوں میں صلح ہونا خوش آئند ہے ،چودھری برادران میں سیاسی معاملات پر ڈیڈلاک برقرار ہے ، چوہدری شجاعت کی کوشش ہے کہ سیاسی امور پر ڈیڈلاک کو بھی ختم کیا جائے۔علاوہ ازیںسابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی اہلیہ قیصرہ الہٰی نے خاندانی صلح کی تردید کر تے ہوئے کہا ہے کہ چوہدری شجاعت حسین کا چوہدری پرویز الہٰی کی رہائی میں کوئی کردار نہیں اور کسی قسم کی خاندانی صلح نہیں ہوئی،پرویز الہٰی نے شجاعت صاحب کو پیغام دیا ہے ہمارا چوری شدہ مینڈیٹ واپس ہونے تک کوئی بات نہیں ہو گی۔ایک بیان میں قیصرہ الہٰی نے کہا کہ پرویز الہٰی کی رہائی اللہ کے کرم سے ہوئی، عدالتوں نے انصاف فراہم کیا، پرویز الہٰی نے شجاعت صاحب کو پیغام دیا ہے ہمارا چوری شدہ مینڈیٹ واپس ہونے تک کوئی بات نہیں ہو گی۔انہوں نے کہا کہ مونس الہٰی ہی نہیں بلکہ چوہدری پرویز الہٰی بھی پی ٹی آئی کے ساتھ رہیں گے، چوہدری پرویز الہٰی نے حالیہ بیان میں بھی اس بات کو واضح انداز میں کہا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پرویز الہٰی ق لیگ میں جانے کو نہ اب تیار ہیں نہ آئندہ ایسا ہو گا، ق لیگ ایسی جماعت بن چکی ہے جو چوری کے مینڈیٹ پر قائم ہے، کوئی بھی عقل اور شعور رکھنے والا ق لیگ کا ممبر نہیں بن سکتا۔چوہدری شجاعت کے دونوں بیٹے سارا وقت ہمارے خلاف جھوٹ پھیلانے میں مصروف ہیں، سال سوا سال سے یہ دونوں بھی مختلف ذرائع سے ایسی افواہیں پھیلا رہے ہیں، نہ جانے یہ ایسی جھوٹی خبریں پھیلا کر کیا مقاصد حاصل کرنے چاہتے ہیں۔