لاہور( اسپورٹس ڈیسک)ڈائریکٹرجنرل اسپورٹس پنجاب پرویز اقبال اور جوائنٹ سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ( آئی پی سی )امجد گل کی زیر صدارت ساؤتھ ایشین گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں اہم اجلاس منعقدہوا ہے ، اجلاس میں ساؤتھ ایشین گیمز کے تمام وینیوز کا جائزہ لیا گیا ہے،اجلاس میں ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ آن لائن شریک ہوئے، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری خالد محمود،ایڈیشنل سیکرٹری اسپورٹس فرحان فاروق ،پاکستان کراٹے فیڈریشن سے محمدجہانگیر، ڈائریکٹر ایڈمن محمد کلیم ،ڈائریکٹر اسپورٹس یاسمین اختر ، ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور احمد ودیگر نے بھی اجلاس میں شرکت کی ہے۔ ڈائریکٹرجنرل اسپورٹس پنجاب پرویز اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساؤتھ ایشین گیمز کیلئے وینیوز کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے، اسپورٹس بورڈ پنجاب کے پاس عالمی معیار کے اسپورٹس کمپلیکس اور سہولیات موجود ہیں، ساؤتھ ایشین گیمز کی تیاریوں کیلئے تمام وینیوز کا از سرنو جائزہ لیا جارہا ہے، ساؤتھ ایشین گیمز کیلئے بہترین انتظامات کیے جارہے ہیں، ان گیمز میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گیں۔جوائنٹ سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ( آئی پی سی) امجد گل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وینیوز اور ڈسپلن کے حوالے سے اسپورٹس فیڈریشن سے بھی مشاورت کی جارہی ہے، ساؤتھ ایشین گیمز پاکستان میں اسپورٹس کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوں گی۔