پی ٹی آئی کا عدت نکاح کیس کے فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان

139

اسلام آباد : تحریک انصاف نے عدت کیس میں پارٹی کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سنائی گئی سزاؤں کی معطلی کی درخواستوں کو مسترد کرنے کے ضلعی اینڈ سیشن عدالت کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج  کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔

اسلام آباد میں عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے ضلعی  اینڈ سیشن عدالت کے فیصلے کو “بالکل مضحکہ خیز” قرار دیتے ہوئے کہاکہ ہم اس فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کریں گے ۔

انہوں نے کہا  کہ ذاتی معاملات کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے پر مایوسی ہوئی ہے ،  جب تک عمران خان و دیگر رہنماؤں کو رہا نہیں کیا جاتا حکومت سے کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔

پارٹی کا رد عمل ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا کے سنائے گئے فیصلے کے بعد آیا اس فیصلے میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عدت میں نکاح کیس کی سزا منسوخی  کی درخواستوں  کو مسترد کر دیا گیا ۔

عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کو کالعدم قرار دینے سے متعلق مرکزی درخواست 2 جولائی کو سماعت کے لیے مقرر ہے۔

یاد رہے کہ فروری میں، بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کی شکایت کے بعد،عمران خان اور ان کی اہلیہ کو عدت میں نکاح کرنے کے جرم میں 7سال قید کی سزا سنائی گئی تھی ۔

عمران خان اس وقت راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید ہیں، توقع کی جا رہی تھی کہ اگر فیصلہ ان کے حق میں ہوتا تو سابق وزیر اعظم کو رہا کر دیا جاتا ،  دریں اثنا عمران خان کو توشہ خانہ اور سائفر کیس میں بری کر دیا گیا ہے جبکہ 9 مئی کے واقعات سے متعلق مقدمات میں ضمانت دی گئی ہے۔