بارش کا پہلا قطرہ گرتے ہی کراچی کے مختلف علاقوں میں فیڈرز ٹرپ کرگئے

279

 کراچی:شہر قائد میں شدید گرمی کا زور ٹوٹتے ہی کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی بند کردی گئی، بارش کا پہلا قطرہ گرتے ہی کراچی کے مختلف علاقوں میں فیڈرز ٹرپ کرگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  کراچی  میں ہونے والی تھوڑی سی بارش کے بعد ہی مختلف علاقوں میں 400 فیڈرز ٹرپ کرگئے، کئی علاقوں میں بجلی بند کردی گئی،نارتھ کراچی، شادمان، یوپی، اورنگی، گلستان جوہر، گڈاپ اور گلشن معمارمیں علاقہ مکینوں کو بجلی کی بندش کا سامنا رہا۔

بارش شروع ہوتے ہی بہت سے علاقوں سے بجلی غائب ہوگئی ، جن میں گلشن معمار، سرجانی، تیسرٹاون، گلشن حدید، رزاق آباد، گزری اور گلشن اقبال میں بھی بجلی بند ہونے کی شکایت سامنے آئی ہے۔بلدیہ، شیرشاہ، کیماڑی، ماڑی پور، اولڈ سٹی ایریا، جیکب لائنز اور بزرٹا لائنز میں بھی لوگ بجلی سے محروم ہوئے جبکہ پنجاب کالونی، ملیر، کھوکھرا پار، ماڈل کالونی، کاظم آباد اور کھارادر میں بھی بجلی بند کردی گئی۔

ایسے میں شہریوں کا کہنا تھا کہ آئے روز بجلی کے بلوں میں اضافہ ہورہاہے، حکمران لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے بجائے لوڈ شیڈنگ کم کرنے کی باتیں کررہے ہیں، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ حکمران نااہل ہیں، جو عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس اور آرمی چیف عوام کا خیال کرتے ہوئے لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لے کر متعلقہ اداروں کو مستقل بجلی فراہم کرنے کا پابند کریں  کیونکہ پیسے ہم سے پورے وصول کیے جاتے ہیں۔