اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کا امریکن قونصلیٹ کے گھیراؤ کا اعلان

153
people participated

کراچی: اسلامی جمعیت طلبہ نے 29 جون، ہفتہ کو شام 4 بجے بوٹ بیسن، کلفٹن تا امریکن قونصلیٹ یکجہتی غزہ مارچ کا اعلان کیا ہے۔

ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی آبش صدیقی نے امریکن قونصلیٹ کی جانب  یکجہتی غزہ مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں جاری بمباری اور اسرائیلی مظالم میں اب تک 38 ہزار فلسطینی شہید جبکہ 85 ہزار سے زائد زخمی ہوگئے ہیں، دنیا بھر کے تعلیمی اداروں میں اس بربریت کے خلاف مظاہرے جاری ہیں، صرف امریکی جامعات میں احتجاج کرنے پر 2,300 سے زائد طلبہ گرفتار کئے گئے ہیں۔

ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کا کہنا تھا کہ  شہر کراچی کے طلبہ بھی اس صورتحال پر بےچین ہیں اور اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں، 7 اکتوبر کے بعد سے جمعیت نے شہر بھر کی تمام جامعات و کالجز میں اہلیان غزہ سے یکجہتی کے لئے ریلیاں نکالی ہیں، 29 جون کو شہر بھر کے طلبہ و طالبات کے ہمراہ امریکن قونصلیٹ کی جانب مارچ کریں گے۔

آبش صدیقی  کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت اور دفاعی ادارے اہل فلسطین کا ساتھ نبھانے میں ناکام نظر آتے ہیں، حالات کا تقاضا تو یہ ہے کہ سفارتی محاذ پر اسرائیل اور اس کے حمایتی امریکا کو دو ٹوک موقف جاری کرنے کی ضرورت ہے لیکن پاکستان کی حکومت کھل کر اسرائیل کی مذمت کرنے میں بھی بظاہر ناکام ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ   29 جون کو شہری انتظامیہ اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے، ہم پرامن احتجاج ریکارڈ کرانے آرہے ہیں، راستہ روکنے یا رکاوٹیں کھڑی کرنے کی صورت میں حالات کی ذمہ دار انتظامیہ ہوگی۔