روبوٹس کو زیادہ حقیقی شکل دینے کیلیے انسانی جِلد کا استعمال

240

ٹوکیو:سائنس دانوں نے روبوٹس کو زیادہ حقیقی شکل میں دکھانے کے لیے انسانی جلد کا استعمال شروع کردیا۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق معروف جرنل سیل رپورٹس فزیکل سائنس میں شائع ہونے والی ایک تحقیقی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جاپان میں سائنس دان انسانوں کی جلد کے خلیات کا استعمال کرکے روبوٹ کے لیے ایک جلد بنانے کی کوشش میں ہیں، جس کی تصاویر بہت خوفزدہ کردینے والی ہیں۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ تحقیق کے ذریعے ایسی جلد تیار کرکے روبوٹ بنانے کا مقصد ان مشینوں کے چہروں پر انسانوں جیسے تاثرات اور مسکراہٹ کو دکھانا ہے۔

بظاہر اس جلد کے حامل روبوٹ مکمل طور پر انسانوں کی طرح دکھائی نہیں دیتے تاہم سائنس دانوں کاکہنا ہے کہ اس پیش رفت سے روبوٹس کو انسانوں جیسی زیادہ حقیقی شکل دینے   میں معاونت ملے گی۔ سائنس دان اس جلد کو اس طرح سے بنا رہے ہیں، جو اپنے نظام ہی کے تحت خود اپنی مرمت بھی کر سکے گی۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اس نئی ٹیکنالوجی کو حتمی طور پر اختیار کرنے میں چند برس لگ جائیں گے، کیوں کہ فی الوقت یہ کسی بڑے چیلنج سے کم نہیں ہے۔