قومی اسمبلی :18 کھرب 72 ارب روپے کے مطالبات زر منظور ،اپوزیشن کی کٹوتی کی تحاریک مسترد

61

اسلام آباد(صباح نیوز)قومی اسمبلی نے وزارت دفاع، ہوا بازی ڈویژن، موسمیاتی تبدیلی، وزارت اطلاعات و نشریات، وزارت خزانہ، مواصلات اور وزارت تجارت سمیت مختلف وزارتوں کے 6 ہزار 101 ارب روپے سے زاید کے 103 مطالبات زر کی منظوری دے دی، قومی اسمبلی نے اپوزیشن کی کٹوتی کی تحریکیں مسترد کردیں۔ بدھ کو وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایوان میں شعبہ ہوا بازی، وزارت ہائوسنگ، فیڈرل پبلک سروس کمیشن، سول سروس اکیڈمی، مشترکہ مفادات کونسل، موسمیاتی تبدیلی، مواصلات، دفاع، دفاعی پیداوار، اقتصادی امور، وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، اعلیٰ تعلیمی کمیشن، قومی رحمتہ اللعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی، خزانہ، انسانی حقوق صنعت و پیداوار، اطلاعات و نشریات، انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی مواصلات، بین الصوبائی رابطہ، امور کشمیر و گلگت بلتستان، ساحلی امور، انسداد منشیات، قومی اسمبلی، سینیٹ، اوورسیز پاکستانی و ترقی انسانی وسائل، شعبہ پارلیمانی امور، تخفیف غربت و سماجی تحفظ، نجکاری، مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی، سائنس و ٹیکنالوجی، ریاستیں و سرحدی علاقہ جات، آبی وسائل، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، تجارت، قومی ورثہ و ثقافت، ریلوے سمیت مختلف وزارتوں کے 30 جون 2025کو ختم ہونے
والے مالی سال کے منظور شدہ اخراجات کی بابت مطالبات زر ایوان میں پیش کیے جن کی ایوان نے منظوری دی۔ ان میں وزارت دفاع کے 2149 ارب 82 کروڑ روپے سے زاید کے چار مطالبات زر، انٹیلی جنس بیورو کے 18 ارب 32 کروڑ ،وزارت مواصلات کے 65 ارب 31 کروڑ روپے سے زاید کے دو مطالبات زر، وزارت تجارت کے 22 ارب 73 کروڑ کے دو مطالبات زر، آبی وسائل ڈویژن کے 263 ارب 48 کروڑ روپے سے زاید کے دو، اقتصادی امور ڈویژن 30 ارب 68 کروڑ روپے سے زاید کے دو، وفاقی تعلیم کے 198 ارب 55 کروڑ روپے سے زاید کے7، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے 69 ارب 5 کروڑ روپے سے زاید کے 2، ہائوسنگ و تعمیرات کے 36 ارب 74 کروڑ روپے سے زاید کے دو، صنعت و پیداوار کے 80 ارب 84 کروڑ روپے سے زاید کے دو، اطلاعات و نشریات ڈویژن کے 17 ارب 91 کروڑ روپے سے زاید کے دو، وزارت قومی صحت کے 54 ارب 86 کروڑ روپے سے زاید کے دو، منصوبہ بندی و ترقی ڈویژن کے 73 ارب 43 کروڑ روپے سے زاید کے دو، تخفیف غربت ڈویژن کے 617 ارب 90 کروڑ روپے سے زاید کے تین مطالبات زر شامل ہیں، اسی طرح بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا 598 ارب 71 کروڑ روپے سے زاید کا ایک، ریلوے ڈویژن کا 109 ارب 43 کروڑ روپے سے زاید کے دو، سائنس و ٹیکنالوجی ڈویژن کے 21 ارب 56 کروڑ روپے سے زاید کے 2 اور ریاستیں و سرحدی امور ڈویژن کے 2 ارب 41 کروڑ روپے سے زاید کے دو مطالبات زر کی ایوان نے منظوری دی۔