جماعت اسلامی سکھر کل سیپکو آفس کے سامنے دھرنا دے گی

166

سکھر (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی سکھر کی جانب سے کل سیپکو آفس سکھر کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔ امیر ضلع سکھر مولانا حزب اللہ جکھرو نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی کال پر بجلی کی قیمتوں بلوں میں اضافے، غیر اعلانیہ بد ترین لوڈ شیڈنگ سیپکو کی زیادتیوں کے خلاف جماعت اسلامی کے کارکنان شہری سیپکو آفس پر دھرنا دیں گے، واپڈا سفید ہاتھی بن چکا ہے بدترین لوڈ شیڈنگ اور اوور بلنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا، سخت گرمی کے موسم میں بدترین لوڈشیڈنگ سے جانی مالی نقصان ہورہا ہے، تجارتی سرگرمیاں مانند پڑ گئیں، دکانیں سنسان ہیں، دکاندار بیٹھے ہوئے ہیں، کوئی خریدار نہیں، لوڈ شیڈنگ کے نتیجے میں پانی کی سپلائی متاثر ہے، مختلف علاقوں میں پانی کی قلت پیدا ہوچکی ہے، پینے کے استعمال کے علاوہ مساجد میں وضو تک کے لیے پانی میسر نہیں ہو رہا، تعلیمی اداروں گاؤں گوٹھوں میں پانی کا بحران ہے، گھروں میں کھانا پکانے کے لیے بھی پانی نہیں ہے، لوگ صورتحال سے سخت پریشان ہیں جس کا واحد ذمہ دار واپڈا ہے ،جماعت اسلامی عوام کے ساتھ ہے، سیپکو، حیسکو، لیپکو سمیت ملک بھر میں بجلی کے اداروں کیخلاف بھرپور مظاہرے کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ واپڈا کرپشن کا شکار ہے، افسران کو مراعات حاصل ہیں۔