وزیراعظم سے متحدہ کے وفد کی ملاقات، سیلز ٹیکس کم کرنے کا مطالبہ

184

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف سے ایم کیو ایم کے وفد نے ملاقات کی اور کئی منصوبوں کے لیے فنڈز بڑھانے اورریٹیلرز پر سیلز ٹیکس 18فیصد سے کم کرنے کا مطالبہ کیا۔وفد کی قیادت وفاقی وزیر برائے تعلیم و سائنس و ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی کررہے تھے ۔فاروق ستار اور مصطفی کمال بھی وفد میں شامل تھے ۔ایم کیوایم ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے کراچی پیکیج اور کے فور منصوبوں کے لییفنڈز بڑھانے کا مطالبہ کیا۔ وزیراعظم نے دونوں
منصوبوں کے لیے فنڈز بڑھانے کی یقین دہانی کروا دی۔وفد کی طرف سے سکھر حیدر آباد نوابشاہ کے لیے بھی وفاقی منصوبوں کے فنڈز بڑھانے کا مطالبہ تسلیم کر لیا گیا۔رہنما ایم کیو ایم مصطفی کمال نے ملاقات کے بعد میڈیا کو بتایا کہ ملاقات میں وزیراعظم کا رسپانس انتہائی مثبت تھا، فنڈز بڑھانے والا مطالبہ تسلیم کرلیا گیا کچھ مطالبات کو پورا کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔ مصطفی کمال نے کہا کہ ہم نے تنخواہ دار طبقے پر بوجھ کم کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے اور امید رکھتے ہیں کہ حکومت ہمارے تمام مطالبات پر سنجیدگی اور قومی ہمدردی کے جذبے سے غور کرے گی۔انہوں نے وزیراعظم سے ملاقات کا کامیاب قراردیا اور کہا کہ ہم حکومت کے ساتھ ہیں لیکن ہمیں عوام کو بھی جواب دینا ہے۔