برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک) نیدرلینڈز کے وزیراعظم مارک روٹ ناٹو کے نئے سیکرٹری جنرل منتخب ہو گئے ہیں۔ ناٹو کے مطابق مارک روٹ یکم اکتوبر کو اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔ روٹ نے گزشتہ برس ملک کی مخلوط حکومت تحلیل ہونے کے بعد اعلان کیا تھا کہ نئی حکومت کے قیام کے بعد وہ سیاست کو خیر باد کہہ دیں گے۔ مختصر عرصے میں انہیں مختلف رکن ممالک کی تائید حاصل ہو گئی تھی۔ آخری ملک ہنگری تھا جس نے 18 جون کو ان کی نامزدگی قبول کرلی تھی۔ 20 جون کو رومانیہ کے صدر اور سیکرٹری جنرل کے امیدوار کلاوس لوہانس کی دستبرداری کے بعد مارک روٹ اس عہدے کے لیے واحد امیدوار رہ گئے تھے۔دوسری جانب ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے ناٹو کے سیکرٹری جنرل منتخب ہونے والے مارک روٹ سے فون پر بات کی۔ صدارتی محکمہ اطلاعات کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق صدر اردوان نے بات چیت میں روٹ کی نئے عہدے پر کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ گفتگو کے دوران روٹ نے صدر اردوان کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔واضح رہے کہ مارک روٹ اپنے پیش رو ژینس اسٹولٹن برگ کی جگہ عہدہ سنبھالیں گے۔