اسلام آباد:پی ٹی آئی کے وفاقی دارالحکومت میں جلسے کے حوالے سے اسلام آباد انتظامیہ کے ساتھ اتفاق طے پا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف آئندہ ماہ (6 جولائی کو) اسلام آباد میں ترنول کے مقام پر جلسہ کرے گی، اس حوالے سے عدالت کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے ڈی سی اسلام آباد کی جانب سے پی ٹی آئی کو یقین دہانی کرا دی گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف اسلام آباد کے صدر عامر مغل نے ڈی سی اسلام آباد سے ملاقات کی ہے، جس میں انتظامیہ کو جلسے کے لیے 4 مختلف مقامات کے نام تجویز کیے گئے تھے، جس میں سے ڈی سی کے ساتھ ترنول کے مقام پر اتفاق طے پایا گی۔
عامر مغل کا کہنا ہے کہ ڈی سی نے کہا ہے کہ وہ آج اجازت نامہ بھی جاری کردیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈی سی کی طرف سے ترنول پر جلسے کی اجازت کے لیے زبانی منظوری دے دی گئی ہے۔ 6 جولائی کی شام کو راولپنڈی اسلام آطباد کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ منعقد ہونے جا رہا ہے، جس میں عوام کی بہت بڑی تعداد شریک ہوگی۔
عامر مغل کا کہنا تھا کہ یہ جلسہ ثابت کرے گا کہ راولپنڈی اسلام آباد پی ٹی آئی کا قلعہ ہے۔