کراچی: شہر میں شام کے وقت اچانک گرد آلود ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت میں معمولی کمی ہو گئی جب کہ موسم بھی بہتر ہوگیا ہے۔
شہر قائد میں کئی روز سے جاری شدید گرمی کی لہر سے شہری بے حال ہیں اور ناقابل برداشت موسم کی وجہ سے جہاں اسپتالوں میں مختلف امراض کے باعث رش بڑھ گیا ہے وہیں پراسرار طور پر گزشتہ دنوں کراچی میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔
بدھ کی شام شہر میں اچانک کئی مقامات پر تھنڈر اسٹورم کے آؤٹ فلو کی وجہ سے گرد آلود ہوائیں چل پڑیں، جس کے نتیجے یں درجہ حرارت 2 سے 3 ڈگری تک کم ہوگیا ہے اور موسم میں نسبتاً بہتری محسوس ہوئی ہے۔
موسم سے متعلق آگاہی دینے والی غیر سرکاری تنظیم کے مطابق شہر میں ہواؤں کی رفتار شمالی اور وسطی علاقوں میں 30 سے 40 کلو میٹر کے درمیان ریکارڈ کی گئی۔
کل جمعرات سے سائیکلونک سرکولیشن گجرات کے علاقے کچ کے نزدیک آجائے گی، جس کے سبب سندھ کے اوپر مزید مثبت سرگرمیاں متوقع ہیں جب کہ کراچی کے نزدیک مزید گرج چمک کے سلسلے تشکیل پائیں گے۔