واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کا کہنا ہے کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔
واشنگٹن میں میڈیا بریفنگ کرتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ سوات میں ہجوم کے ہاتھوں ایک شخص کی موت پر افسوس ہے، ہمیں متاثرہ شخص کے خاندان سےہمدردی ہے۔
امریکی ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام نے دہشت گردی کے باعث بے پناہ نقصان اٹھایا، کسی بھی ملک کو دہشت گردی کا شکار نہیں ہونا چاہیے ،مذہبی آزادی، اظہار رائے کی آزادی اور پرامن اجتماع کے حق کا احترام کیا جائے، دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔
میتھیو ملر نے کہا کہ علاقائی سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنے میں امریکا اور پاکستان کا مشترکہ مفاد ہے ،ایسے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں جن سے قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے تحفظ کو فروغ ملے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کو دہشت گردی کا شکار نہیں ہونا چاہیے ،سکیورٹی معاملات پر پاک امریکا شراکتداری میں دہشتگردی کے خلاف بات چیت اور فنڈز کی فراہمی شامل ہے۔